تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو نے اپنی ہی پارٹی کے امیدوار کو ووٹ دینے سے انکار کر دیا
تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو نے اپنی ہی پارٹی کے امیدوار کو ووٹ دینے سے انکار کر دیا ہے۔اپنے ویڈیو بیان میں اسلم ابڑو نے کہا کہ سينيٹ انتخابات ميں ووٹ صرف ضمير کی آواز پر ہی دوں گا۔ افسوس ہے اپنے شہر کے لیے کچھ نہيں کر پايا اگر پی ٹی آئی سندھ پر توجہ ديتی تو اچھا ہوتا۔انہوں نے کہا کہ آئین بھی مجھے اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ دو اپنے اغواء سے متعلق اسلم ابڑو نے کہا کہ خرم شیر زمان کی جانب سے میرے اغواء کا دعویٰ درست نہیں کیونکہ میں دودھ پیتا بچہ تو نہیں جو مجھے کوئی گاڑی میں بٹھا دے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سماء ٹی وی کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں پی ٹی آئی رہنماء خرم شیر زمان نے دعویٰ کیا تھا کہ پی ٹی آئی کے تین ایم پی ایز کو کراچی سے اغواء کرلیا گیا ہے اور ان اراکین میں اسلم ابڑو، شہریارشر اور کریم بخش گبول شامل ہیں۔خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ تینوں اراکین گزشتہ روز ان کے ہمراہ تھے تاہم اب ان سے رابطہ بلکل منقطع ہوگیا ہے.