سرگودھا۔25جولائی(اے پی پی) سماجی شعبہ میں مخیر حضرات کا آنا اتنا ضروری ہے جتنا زندہ رہنے کیلئے ہوا اور پانی کا ہونا از حد ضروری ہے، بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں درد دل رکھنے والے لوگ تو بہت ہیں مگر عملی طور پر دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے بہت کم لوگ آتے ہیں جس کی وجہ سے مسائل میں اضافہ ہورہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار سیاسی سماجی شخصیت ڈاکٹر زاہد اقبال غوری نے کیا انہوں نے کہا کہ جو لوگ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے کام کررہے ہیں وہ قابل فخر لوگ ہیں جب تک لوگ صحیح معنوں میں دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے اپنا تن، من دھن نہیں لگائیں گے اس وقت تک ہمارے مسائل حل نہیں ہونگے۔ڈاکٹر زاہد اقبال غوری نے کہا کہ دیکھا گیا ہے کہ ہم نے ہر کام حکومت کے سپرد کررکھا ہے اگر ہم لوگ تھوڑا تھوڑا کام خود کرلیں تو نہ صرف حکومت پر دباؤ کم ہوگا بلکہ آدھے سے زیادہ مسائل از خود حل ہوجائینگے ضرورت اس امر کی ہے کہ مخیر اور اچھے لوگوں کو آگے لایا جائے۔

Shares: