اسلام آباد (نمائندہ باغی ٹی وی)پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے تحت “آزادی صحافت اور میڈیا کو درپیش مسائل اور ان کا حل” کے عنوان سے قومی سیمیناراسلام آباد میں ہوا، یہ سیمینار صحافیوں کی ملک گیر تنظیم پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی ملک میں آزادی صحافت آور آزادی اظہار رائے کے لیے جاری جدوجہد کا حصہ ہے ، پی ایف یو جے نے رواں سال 2021 کو “بس بہت ہوگیا ” کے عنوان سے منانے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلا ت کے مطابق قومی سیمینار میں شرکت کے لیے سیاسی رہنماوں، مزدور رہنماوں، وکلا سینئر صحافیوں اور سول سوسائٹی کے افراد کو دعوت دی گئی ہے مقررین میں وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات شبلی فراز، پاکستان پیپلز پارٹی کے سنیئر رہنما وسابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی، پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سیکرٹری جنرل وسابق سینیٹر فرحت اللہ بابر، پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل وسابق وفاقی وزیر احسن اقبال،وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل خوش دل خان،لطیف آفریدی صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن،حارث خلیق سیکرٹری جنرل ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان،سنیئر وکیل سلمان اکرم راجہ،سنیئر صحافیوں میں حسین نقی، ایم ضیاء الدین، حامد میر، طلعت حسین،مظہر عباس،جاوید چودھری ، کاشف عباسی، محمد مالک،عاصمہ شیرازی،غریدہ فاروقی،منیزے جہانگیر اور علی احمد خان اور دیگر شامل ہوں گے۔ سیمینار میں کرونا ایس او پیز کا خاص خیال رکھا جائے گا

پی ایف یو جے کے صدر شہزادہ ذوالفقار، سیکرٹری جنرل ناصر زیدی، آر آئی یو جے کے صدر عامر سجاد سید و قائم مقام جنرل سیکرٹری طارق ورک نے تمام شرکا سے اپیل کی ہے کہ وہ اس موقع پر کرونا ایس او پیز پر مکمل طور پر عمل کریں۔ اس موقع پرپاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی 70 سالہ تاریخ پر مبنی کتاب کی تقریب رونمائی بھی ہوئی اپنی نوعیت کی یہ پہلی کتاب ملک میں آزادی صحافت کے لیے 70 سالوں سے جاری جدوجہد میں پیش آنے والے مختلف واقعات پر سینئر صحافیوں کے مضامین پر مبنی ہے۔

Shares: