چینی اسمارٹ موبائل فون کمپنی شیاؤمی کی ذیلی کمپنی بلیک شارک نے گیمنگ کے شوقین افراد کے لئے اپنے 4 سیریز کے معروف گیمنگ فونز متعارف کرادئیے-

باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق بلیک شارک کی 2 اور تین سیریز کی کامیابی کے بعد اب کمپنی نے 4 سیریز کے دو مڈ رینچ کے ایسے فونز متعارف کرائے ہیں، جنہیں نہ صرف گیمنگ کے شوقین افراد کے لئے بہترین قرار دیا جا رہا ہے اور فونز میں کیمرا کوالٹی کو بھی بہتر بنایا ہے بلکہ دونوں فونز نے پیش کرائے جانے کے 5 منٹ کے اندر ہی کمائی کا نیا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔

چینی ٹیکنالوجی ویب سائٹ گزمو چائنا کے مطابق بلیک شارک نے 4 سیریز کے دو فونز متعاف کرائے، جنہوں نے محض 5 منٹ میں 3 کروڑ امریکی ڈالر کی کمائی کی تاہم کمپنی نے یہ نہیں بتایا کہ سب سے زیادہ کمائی کس ماڈل نے کی ہے-

کمپنی کی جانب سے بلیک شارک 4 اور بلیک شارک 4 پرو متعارف کرائے گئے اور دونوں موبائلز کو مختلف رینجز میں متعارف کرایا گیا ہے اور ان موبائل کی قیمت 382 سے لے کر 815 امریکی ڈالر تک رکھی گئی ہے۔

یعنی بلیک شارک 4 کی 6 جی بی ریم کے حامل موبائل کی قیمت 382 امریکی ڈالر یعنی 60 ہزار روپے کے قریب جب کہ بلیک شارک 4 پرو 12 جی بی ریم کے موبائل کی قیمت 815 ڈالر یعنی پاکستانی ایک لاکھ 26 ہزار روپے سے زائد کی قیمت میں پیش کی گئیں۔

بلیک شارک موبائلز کو چین اور بھارت سمیت دیگر ممالک میں بیک وقت پیش کیا گیا جب کہ انہیں یورپ کے کچھ ممالک میں بھی متعارف کرایا گیا دونوں کو چار مختلف رنگوں میں پیش کیے جانے سمیت انہیں 6 جی بی سے 12 جی بی کی مختلف میموری رینجز میں متعارف کرایا گیا ہے۔

اگر بات کریں کیمروں کی تو بلیک شارک کے دونوں موبائلز میں 4 کیمرے دیئے گئے ہیں، جس میں بلیک شارک 4 پرو کا مین کیمرا 64 میگا پکسل جب کہ الٹرا وائڈ کیمرا 48 میگا پکسل ہے جبکہ دونوں میں 5 ہزار ایم اے ایچ بیٹریز دی گئی ہیں-

بلیک شارک کے موبائل میں سام سنگ کی اسکرین استعمال کی گئی ہے تاکہ گیمنگ کے شوقین افراد نیچرل کلرز سے لطف اندوز ہو سکیں۔

واضح رہے کہ شیاؤمی کو جہاں سستے اور معیاری فونز پیش کرنے کے حوالے سے پہچانا جاتا ہے، وہیں اس کی ذیلی کمپنی بلیک شارک کو گیمنگ کے لیے بہترین فونز کے حوالے سے شہرت حاصل ہے۔

بلیک شارک نے 2019 میں ایسے اسمارٹ موبائل فونز بنانا شروع کیے تھے جو گیمنگ کے لیے بہترین ہوتے ہیں اور ان میں کئی گیم ایپلیکیشنز بھی دی جاتی ہیں۔

Shares: