ہم زبان ، مذہب اور مسلک سے بالاتر ہوکر ہر ظالم کا ہاتھ روکیں گے , سید مصطفی کمال
پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین اور پی ایس پی کی جانب سے این اے 249 کے امیدوار سید مصطفی کمال نے کہا کہ اگر پاکستان میں الیکشن لڑنے والوں کی بات 10 فیصد بھی سچ ہوتی تو ہماری گلیاں اس حالت میں نہ ہوتیں جیسی اب ہیں ۔ 70 سال سے سیاسی جماعتیں ووٹ لیکر انتخابات جیت رہی ہیں لیکن انکی نااہلی ، کرپشن ، تعصب اور اقربا پروری کے باعث عوام ناکام ہورہی ہے ، دنیا چاند پر جاری ہیں اور ہم پانی کو رو رہے ہیں ، پاکستان نے 40 سال میں زبان کی بنیاد پر ووٹ دیا نتیجتا پارٹیاں جیت گئیں ، قوم ہار گئی ، کراچی جو پورے پاکستان کو نوکریاں دیتا تھا اب اسکے نوجوان ایک نوکری کے لیے در در ٹھوکریں کھاتے ہیں ۔ نظام کی درستگی کا فارمولا صرف پی ایس پی کے پاس ہے ۔
کراچی پاک سر زمین پارٹی کے ساتھ ہے، ہمیں لوگوں کا ساتھ چاہئے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں مومن آباد یوسی 23 بلدیہ ٹان نیازی گوٹھ ، یوسی 37 میں منقعدہ عوامی اجتماعات اور یوسی 23 میں الیکشن افس کا افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ 10 سال پہلے پانی تھا ، 10 سال پہلے سڑکیں بہتر تھیں ، 10 سال پہلے تعلیم تھی ، ہسپتالوں میں دوا تھی ، 10 سال پہلے کراچی کے تعلیمی اداروں سے سائنس دان ، ڈاکٹرز اور جرنیل فارغ التحصیل ہوتے تھے ، آج چپراسی بھی نہیں نکلتے ۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس پی نے سہراب گوٹھ میں جلسہ کرکہ 40 سال سے جاری پختون مہاجر دشمنی کو محبت میں تبدیل کردیا اور آج پاک سر زمین پارٹی وہ واحد پلیٹ فارم ہے جہاں تمام زبان ، مزہب اور مسالک کی عزت ہے ، ہم زبان ، مذہب اور مسلک سے بالاتر ہوکر ہر ظالم کا ہاتھ روکیں گے اور ہر مظلوم کیساتھ کھڑے ہونگے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی وہ 29 اپریل کو ڈولفن پر مہر لگا کر این اے 249 کی تاریخ تبدیل کریں ۔