لاہور :پاکستان میوزک انڈسٹری کی معروف فوک گلوکارہ صنم ماروی نے اپنے اوپر تشدد اور اغوا کی کوشش کا مقدمہ درج کروادیا۔
باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق گلوکارہ صنم ماروی نے اپنے سابق شوہر حامد علی کے خلاف تھانہ اسلام پورہ میں تشدد اور اغوا کی کوشش کا مقدمہ درج کرایا-
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ صنم ماروی نے سابق شوہر حامد علی اور ان کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کروایا۔
پولیس کے مطابق ایف آئی آر تھانہ اسلام پورہ میں درج کرلی گئی ہے۔
ایف آئی ار میں صنم ماروی نے کہا کہ سابق شوہر نے مجھ پر تشدد کیا اور اپنے بھائی کے ساتھ مل کر اغوا کی کوشش کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال نامور گلوکارہ نے شوہر حامد علی سے علیحدگی کے لیے درخواست دائر کی تھی اور موقف اختیار کیا تھا کہ حامد علی اور میری شادی 2009 میں اسلامی روایات کے مطابق ہوئی تھی، ہمارے تین بچے بھی ہیں شادی کے کچھ عرصے بعد شوہر کا رویہ بدل گیا-
ان کا مزید کہنا تھا کہ شوہر بچوں کے سامنے گالیاں نکالتا اور مارتا پیٹتا ہے، اپنے بچوں کی خاطر شوہر کا ظلم و ستم برادشت کرتی رہی مگر اب صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے شوہر کے ساتھ مزید گزارا ممکن نہیں-
حامد خان نے تحریری جواب میں الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ صنم ماروی سے کبھی بدتمیزی کی اور نہ ہی کبھی گالی دی ہے ساتھ ہی ساتھ اہلیہ اور بچوں کا خرچ بھی باقاعدگی سے ادا کرتا ہوں۔
صنم ماروی فوک کلام کی مروف گلوکارہ ہیں، ان کی شہرت کو چار چاند کوک اسٹوڈیو کے ’لگی بنا رین نہ جاگے کوئی‘ سے لگے سندھ کے علاقے دادو کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں جنم لینے والی صنم ماروی نے سات برس کی عمر میں ہی گلوگاری شروع کر دی تھی ان کے والد، فقیر غلام رسول، سندھ کے فوک گلوکار تھے تاہم ان کی زندگی بہت مشکلات میں گزری-