بھارت کے معروف کلاسیکل گائیک پنڈت راجن مشرا 70 برس کی عمر میں نئی دہلی کے گنگا رام اسپتال میں کورونا کے باعث انتقال کر گئے-
باغی ٹی وی : بھارتی میڈیا کے مطابق کلاسیکل گائیک پنڈت راجن مشرا کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ پازیٹو آنے پر اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا جہاں انھیں اتوار کو دل کا دورہ پڑا جو کہ جان لیوا ثابت ہوا۔
آنجہانی گائیک کے اہل خاندان کے مطابق انھیں دلی کے سینٹ اسٹیفن اسپتال سے گنگا رام اسپتال آکسیجن سپورٹ کی فراہمی کے لیے منتقل کیا گیا تھا۔
ان کی موت پر بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ پنڈت راجن مشرا کا انتقال دنیائے موسیقی کا ایک بڑا نقصان ہے۔
مودی کے علاوہ بھارتی مرکزی وزیروں اور سیاست دانوں سمیت سماجی اور معروف شخصیات نے پنڈت راجن مشرا کے انتقال پر اپنے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔
سماج وادی پارٹی کے رہنما اور یو پی کے سابق وزیراعلیٰ اخلیش یادو نے کہا کہ وہ اپنی لازوال موسیقی کے ذریعے ہمیشہ ہمارے درمیان موجود رہیں گے۔