جون ایلیاء کی شاعری پر امیدوار کی تضحیک، ساحر لودھی کو شدید تنقید کا سامنا

رمضان المبارک کے آغاز میں رکنِ قومی اسمبلی اور میزبان عامر لیاقت حسین کا ‘ناگن ڈانس’ وائرل ہوا تھا جس پر انہیں سخت تنقید کا سامنا رہا تھا اور اب میزبان ساحر لودھی بھی تنقید کی زد میں آگئے ہیں۔

باغی ٹی وی :حال ہی میں سوشل میڈیا پر ساحر لودھی کی ایک ویڈیو گردش کررہی ہے اور انہیں صارفین کی شدید تنقید کا بھی سامنا ہے۔

ساحر لودھی ان دنوں نجی ٹی وی چینل ‘ٹی وی ون’ پر رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کررہے ہیں اور وائرل ہونے والی ویڈیو بیت بازی پر مشتمل سیگمنٹ کی ہے۔

ویڈیو میں ساحر لودھی، رمضان ٹرانسمیشن میں بیت بازی کے مقابلے کی میزبانی کرتے نظر آرہے ہیں جہاں ایک جانب ججز بھی موجود ہیں۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مقابلے میں شریک امیدوار نے اردو کے مشہور شاعر جون ایلیا کا شعر پڑھا، تاہم ساحر لودھی نے ان سے شعر کا پہلا مصرعہ دوبارہ پڑھنے کو کہا اور پھر کہا کہ مجھے لگ رہا ہے یہ شعر ٹھیک نہیں اور اس شعر میں وزن نہیں۔

اس سیگمنٹ میں موجود ججز نے بھی ساحر لودھی سے اتفاق کیا اور اس دوران ساھر لودھی، جون ایلیا کے شعر کے مصرعہ ‘ تم سے مل کر بہت خوشی ہو کیا ‘ کو درست قرار نہ دینے پر بضد رہے کہ اس کا کوئی مطلب نہیں بن رہا۔

تاہم جس امیدوار نے یہ شعر پڑھا تھا انہوں نے اپنا بھرپور دفاع کرنے کی کوشش کی اور کہا کہ انہوں نے شعر صحیح پڑھا ہے۔

ساحر لودھی نے کہا کہ یہ رنگ تو جون بھائی کا ہی ہے لیکن یہ شعر جون ایلیا کا نہیں ہوسکتا، جیسے آپ لوگ ریختہ میں سے نکال کر کچھ بھی پڑھ لیتے ہیں نا پہلا مصرعہ اقبال کا، دوسرا وصی شاہ کا، تیسرا کسی اور کو۔

اس دوران متعلقہ امیدوار 3 سے 4 مرتبہ وہی شعر پڑھتے نظر آئے لیکن ساحر لودھی نے تو یہ سوال بھی کردیا کہ اس کا مطلب کیا ہے جبکہ شعر و شاعری کے مقابلے میں عموماً مطلب نہیں پوچھے جاتے۔

جس پر آخر کار امیدوار نے کہہ دیا کہ یہ تو جون سے پوچھیں انہوں نے لکھا ہے اس پر ساحر لودھی نے بات کا رخ ججز کی طرف موڑ دیا اور ایک خاتون جج نے کہا کہ جون ایلیا سے پوچھنے کے لیے تو عالمِ بالا میں جانا پڑے گا۔

تاہم اس دوران ساحر لودھی، جون ایلیا کے شعر کو غلط کہنے اور امیدوار کی تضحیک کرنے میں مصروف نظر آئے اور انہوں نے یہ بھی کہہ دیا کہ میرے لیے یہ شعر نہیں ہے اور ججز کا بھی یہی فیصلہ ہے۔

جبکہ اس مقابلے کے امیدوار نے جو اشعار پڑھے تھے وہ جون ایلیا ہی کی غزل کے تھے جو ان کی غزلیات کے مجموعے ‘شاید’ کا حصہ ہے۔

2 منٹ کے دورانیے پر مشتمل یہ ویڈیو جب سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین کی جانب سے ساحر لودھی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور اس حوالے سے ٹوئٹر پر ٹرینڈ بھی چل رہا ہے۔


مزمل نامی صارف نے لکھا کہ ‘ریختہ کے تم ہی استاد نہیں ہو غالب، کہتے ہے اگلے زمانے میں کوئی ساحر بھی تھا’۔


غزل نامی صارف نے ساحر لودھی پر بین لگانے کا مطالبہ کیا-


عاصم نقوی نامی صارف نے بھر پور غصے کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ کاش اس زباں دراز کا منہ نوچ لے کوئی-


جرنلست شیراز حسن نے کہا کہ پیمراکو اس کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے یہ غنڈہ گردی ہے-


ایک صارف نے کہا کہ ساحل لودھی لوزر ہیں وہ جون ایلیا کے اشعار ہیں اور مقابلہ کرنے والے نے بالکل ٹھیک کہا ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ نام نہاد ججوں نے بھی ساھر لودھ سے اتفاق کیا۔


سعد نامی صارف نے لکھا کہ ساحر لودھی صاحب جون ایلیا کے ٹھیک شعر کو ٹھیک کرتے ہوئے.


جون صاحب کے شعر میں نہ تو ربط ہے اور نہ شعر وزن میں ہے، شعر کس طرح کا ہونا چاہیے وہ بھی موصوف نے بتا دیا ہے۔


ظفر اقبال صاحب بھی بے وزن لکھتے ہیں۔بقول ساحر لودھی چراغ سب کے بجھیں گے ہوا کسی کی نہیں-


جون بھائی ایسے کہا ہے جیسے کچی پکی سے ساتھ پڑھتے ہوں… اور شعر ٹھیک کر کون رہا ہے آباؤ اجداد میں جن کا سخن سے کوئی لگاؤ ہی نہیں-


ارسلان شیرازی نامی صارف نے لکھا کہ ‘لگتا ہے جون صاحب اور ناصر کاظمی صاحب کی شاعری کا پہلا اور مستند قلمی نسخہ ساحر لودھی کے پاس ہے جس کی وجہ سے ان 2 مقبول شاعروں کے زبان زد عام اشعار میں بھی ساحر لودھی کو گڑ بڑ نظر آرہی ہے۔


طاہر عمران نامی صارف نے لکھا کہ ‘ اس جاہل اینکر، منصفین اور پروگرام کے عملے کو گوگل تک رسائی نہیں ملی؟-


میر ایلیا نامی صارف کی جانب سے اس رمضان ٹرانسمیشن کے نام ایک شکایت بھی شیئر کی گئی۔


محمد اطہر نامی صارف نے لکھا کہ ‘جب آپ کو علم ہی نہیں شعرا کرام کے کلام کا تو کیوں رائے زنی کرتے ہیں؟ جون ایلیا کے اشعار کو آپ نے یہ کہہ کر رد کر دیا کہ یہ ان کا نہیں لگتا، اپنی کم علمی پر شریکِ محفل پر تنقید کر ڈالی، آپ کا مطالعہ وسیع نہیں تو شریک مقابلہ کا کیا قصور تھا؟-

واضح رہے کہ ساحر لودھی کو اس سے قبل بھی اپنی رمضان ٹرانسمیشن میں امیدواروں سے تضحیک آمیز سلوک پر تنقید کا سامنا رہا ہے۔

2017 میں ساحر لودھی کی رمضان ٹرانسمیشن کی ایک قسط سے حال ہی میں ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں انہوں نے طالبہ کو ان کی تقریر کے دوران روک کر اپنے غصے کا اظہار کرنا شروع کردیا تھااس ویڈیو کے بعد انٹرنیٹ پر ساحر لودھی کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا

رمضان ٹرانسمیشن میں ناگن ڈانس پر تنقید:عامر لیاقت کا ردعمل

Leave a reply