خانیوال:ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے شہریوں کی سہولت کے لئے خوراک، ادویات سمیت اشیائے ضروریہ کی سپلائی چین برقرار رکھنے کیلئے ترمیم شدہ لاک ڈاؤن احکامات جاری کر دیے ہیں، ایکسپورٹ انڈسٹری، فوڈ، میڈیکل، زرعی انڈسٹریز کو لاک ڈاؤن سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، ہوٹلوں سے ٹیک اوے، میڈیکل سٹور، پٹرول پمپس، دودھ کی دکانیں، تندور 24گھنٹے کھلے رہ سکیں گے.
جبکہ آٹو ورکشاپس، آٹا چکی، لانڈریز کو صبح9بجے سے شام چھ بجے تک کام کی اجازت دیدی گئی ہے، بین الصوبائی اور انٹرا سٹی پبلک ٹرانسپورٹ پر سوموار شام چھ بجے سے 15مئی تک مکمل پابندی ہو گی۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیطرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جن شعبہ جات کو لاک ڈاؤن احکامات سے استثنیٰ دیا گیا ہے ان میں ایکسپورٹ کی مصنوعات بنانے والی انڈسٹری، فوڈ آئٹمز مینوفیکچرنگ انڈسٹریز، انکے ڈسٹری بیوشن دفاتر، فلو ر ملز، شوگر ملز، انکے گودام، سپلائی چین لاک ڈاؤن کی پابندیوں سے مستثنیٰ ہونگے، زرعی انڈسٹری بشمول زرعی بیچ، کھاد، زرعی ادویات کی دکانیں اور اسکی سپلائی چین، ٹریکٹر، ہارویسٹر، تھریشر، مینوفیکچررز، انکے ڈیلرز، انکے سپیئر پارٹس کی دکانیں اور زرعی مشینری کی ورکشاپس، لائیو سٹاک فیڈ ملز،پولٹری، پولٹری فیڈ انڈسٹری،دودھ، فوڈ پروسیسنگ، پیکجنگ انڈسٹری، انکے سپلائی چین بشمول ٹرانسپوٹیشن، ڈسٹری بیوشن، سٹوریج، پرنٹنگ اور پیکجنگ، فارماسوٹیککل اور اس سے ملحقہ انڈسٹری بشمول پریس پروسیڈنگ یونٹ، کارٹن، بیرونی کورز، بوتلیں وغیرہ، انکی سپلائی چین، ٹرانسپورٹیشن، ڈسٹری بیوشن، ڈاکٹرز و طبی عملہ کیلئے پرسنل پروٹیکٹو آلات(پی پی ایز) اسکی سپلائی چین، ٹرانسپورٹیشن، ڈسٹری بیوشن، سٹوریج، پرنٹنگ، پیکجنگ، آکسیجن مینو فیکچرنگ یونٹس اس متعلقہ میڈیکل سپلائز، مینو فیکچرنگ، ٹرانسپورٹیشن، ڈسٹری بیوشن، سٹوریج، پرنٹنگ و پیکجنگ بھی لاک ڈاؤن احکامات سے مستثنیٰ ہونگے۔
صبح 9بجے سے شام 6بجے تک جن شعبہ جات کو لاک ڈاؤن سے استثنیٰ دیا گیا ہے ان میں آٹا چکی، سبزی، فروٹ، اناج، مویشی منڈیاں،بیوریج ڈسٹری بیوشن، آٹو ورکشاپس، آئل ڈپو، عینک ساز، زرعی نوعیت کی بیٹریوں کی دکانیں، ڈرائی کلینر، لانڈری اور متعلقہ دکانیں، پوسٹل/کورئیر دفاتر شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اس سے قبل جاری احکامات کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران تمام مارکیٹیں، کاروبار، دفاتر، دکانیں بند رہیں گی، چاند رات بازار بشمول مہندی، زیورات، کپڑوں کے سٹالز پر مکمل پابندی ہوگی، میڈیکل سٹورز/فارمیسی، ہسپتال، کلینک، ویکسی نیشن سنٹرز، پٹرول پمپ، تندور، دودھ دہی کی دکانیں، فوڈ ٹیک اوے اور میڈیا کے دفاتر24گھنٹے کھل سکیں گے جبکہ بیکریاں، کریانہ سٹور، مٹھائی، سبزی، پھلوں، گوشت، چکن کی دکانیں، یوٹیلٹی سروسز بشمول گیپگو، سوئی گیس، انٹرنیٹ، سیلو لر نیٹ ورک/ٹیلی کام سنٹرز بلا ناغہ صبح 9بجے سے شام 6بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کے مطابق ہر شہری کیلئے ماسک پہننا لازمی ہوگا،10مئی شام چھ بجے سے 15مئی تک بین الصوبائی اور انٹرا سٹی پبلک ٹرانسپورٹ مکمل بند رہے گی تاہم ریل گاڑی 70فیصد جبکہ پرائیویٹ گاڑیاں، ٹیکسی/کیب اور رکشہ گنجائش سے 50فیصد سواریوں کو بٹھانے کی اجازت ہوگی، لاک ڈاؤن کے دوران ہر قسم کے اجتماعات، کھیلوں کے مقابلوں، ثقافتی پروگراموں پر پابندی ہوگی، پارک، مزارات، فٹنس جم، سینما،تھیٹر بند رہیں گے، شادی ہال، مارکیز، کمیونٹی سنٹرز بند رہیں گے، تمام روایتی و غیر روایتی سیاحتی مقامات اور ان سیاحتی مقامات کے گرد و پیش پبلک پارک، شاپنگ مالز، ریسٹورنٹ، ہوٹل بند ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ لاک ڈاؤن احکامات پر عملدرآمد کیلئے اسسٹنٹ کمشنرز کی قیادت میں ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔








