پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ موثر بلدیاتی حکومتوں کی عدم موجودگی ایک قومی المیہ ہے جس پر حکمران اپنے سیاسی مفادات کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہے۔ عام آدمی کے مسائل جوں کے توں ہیں، یہاں تک کہ عام آدمی کا نظام پر سے اعتماد ختم ہو چکا ہے۔ عوام کی اکثریت کو نہ ہی انتخابی عمل پر بھروسہ ہے اور نہ ہی انتخابات کے بعد کسی قسم کی تبدیلی کے آنے کی امید ہے۔ حکمرانوں نے عوام کو مایوس کر دیا ہے۔ ان کے خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں پاک سرزمین پارٹی اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں پی ایس ایس ایف کے صدر انجینئر عثمان سمیت مرکزی اراکینِ کمیٹی موجود تھے۔ سید مصطفیٰ کمال نے طلبہ تنظیم کو پارٹی کا پیغام تیزی سے پھیلانے میں ہراول دستے کا کردار ادا کرنے پر سراہتے ہوئے کہا کہ نئے تعلیم یافتہ، محب وطن نوجوان ہی پاکستان کی امید ہیں۔ پوری کوشش ہے کہ پاک سرزمین پارٹی کے پلیٹ فارم سے پاکستان کی خدمت کرنے کے لیے بہترین، نئی، قابل، سنجیدہ اور ایماندار لیڈرشپ ملک کے لیے تیار کریں تاکہ ہمارے بعد بھی ہمارا لگایا گیا پودا تناور درخت بن کر آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ بنائے۔ تمام مسائل کے حل کے لیے بلدیاتی حکومتوں کا موثر اور یکساں نظام پہلی سیڑھی ہے۔ جس کے لیے پہلے روز سے آواز بلند کر رہے ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ ہر محب وطن پاکستانی ملک کی خاطر ہماری جدوجہد میں ہمارا ساتھ دے اور ہمارے شانہ بشانہ کھڑا ہو۔

Shares: