ایل ڈی اے کرپشن کیس ، احد خان چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 11 روز کی توسیع
لاہور ۔ 29 جولائی(اے پی پی )احتساب عدالت لاہور نے ایل ڈی اے سٹی اربوں روپے کرپشن سکینڈل کیس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 11 روزہ کی توسیع کر دی،احتساب عدالت کے جج چوہدری امیر محمد خان نے کیس کی سماعت کی، عدالتی سماعت کے دوران نیب تفتیشی افسر کی جانب سے احد چیمہ کے متعلق تفتیشی رپورٹ پیش کی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ الفاء سٹیٹ کے مالک گرفتار ملزم آصف ملک اور عبدالرشید نے احد چیمہ وغیرہ کی ملی بھگت سے اربوں روپے کی خوردبرد کی ،ملزمان ایل ڈی اے سٹی میں ڈویلپمنٹ پارٹنر تھے لیکن غیر قانونی طور پر کروڑوں روپے کے پلاٹ فروخت کر دئیے، ابتدائی اندازے کے مطابق اربوں روپے کی فائلیں فروخت کی گئیں ، اب تک ایل ڈی اے سٹی میں سترہ سو بارہ فائلیں فروخت کیں اور پیسے اکٹھے کئے،عدالت نے احد چیمہ کو دوبارہ 9 اگست کو احتساب عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔