بھارتی ریاست اتر پردیش میں دلہن نے شادی سے انکار کردیا کیونکہ اس کے ہونے والے شوہر کی نظر اتنی زیادہ کمزور تھی کہ وہ چشمے کے بغیر اخبار بھی نہیں پڑھ سکتا تھا۔
باغی ٹی وی : بھارتی میڈیا کے مطابق خبروں کے مطابق، اتر پردیش کے علاقے صدر کوتوالی میں قصبہ جمال پور ے ارجن سنگھ نے اپنی بیٹی ’ارچنا‘ کی شادی اور قصبہ بنشی کے ’شیوم‘ سے طے کی تھی اور دونوں کے گھر والے تیاریوں میں مصروف تھے۔
رشتہ طے کرتے وقت لڑکے کی تعلیم کو اولیت دی گئی۔ شِیوم مقررہ وقت پر بارات لے کر پہنچا تو اس کی عینک اس کی شادی میں رکاوٹ بن گئی۔
شادی کی تقریبات میں دلہن کے گھر کی عورتوں نے دیکھا کہ دولہا نے زیادہ تر وقت چشمہ لگایا ہوا تھا جس پر انہیں اندازہ ہوا کہ شاید وہ چشمے کے بغیر ٹھیک سے نہیں دیکھ سکتا۔
رشتہ طے کرتے وقت لڑکے والوں نے یہ بات نہیں بتائی تھی، لہذا ان عورتوں نے عین شادی والے دن دولہا کا ’’امتحان‘‘ لینے کا فیصلہ کیا۔
تاہم دلہن نے بھی دولہا کو عینک میں دیکھا تو کہا کہ وہ کمزور نظر کے آدمی کے ساتھ شادی نہیں کرسکتی۔ دلہن نے شرط رکھی کہ اگر دولہا بنا عینک کے اخبار پڑھ دے تو وہ شادی کرلے گی۔
شِیوم نے دلہن کی شرط پوری کرنے کی پوری کوشش کی لیکن وہ اس میں ناکام ہوگیا۔دلہن کے اس طرح انکار پر باراتیوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا تو دلہن کے گھر والوں نے بارات کو ہی خالی ہاتھ واپس لوٹادیا۔
اس کے بعد انہوں نے مقامی تھانے میں دولہا کے گھر والوں کے خلاف شکایت بھی درج کروا دی جس میں کہا گیا تھا کہ انہیں دولہا کی اس ’’خرابی‘‘ کے بارے میں نہ بتا کر دھوکا دیا گیا جبکہ دولہا والے شادی کے انتظامات پر دلہن والوں کے اخراجات کی رقم، جہیز میں دی گئی بھاری نقدی اور دولہا کےلیے موٹر سائیکل سمیت دوسرا تمام ساز و سامان واپس کرنے سے انکاری ہیں۔
شکایت درج کرنے سے پہلے مقامی پولیس نے یہ مسئلہ بات چیت سے حل کرنے کی کوشش بھی کی لیکن دولہا والوں کے تعاون نہ کرنے پر پولیس میں باقاعدہ ایف آئی آر درج کرلی گئی۔
لڑکی کے والد ارجن سنگھ نے میڈیا کو بتایا کہ ہمیں بالکل بھی اندازہ نہیں تھا کہ لڑکے کی نظر اتنی کمزور ہوگی۔ جب میری بیٹی کو اس بارے میں پتا چلا تو اس نے فوراً شادی منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا اور ہم نے بھی اس کا ساتھ دیا-