ادارے کے استحکام کے لیے سیلف انکم میں اضافہ ناگزیر ہے، ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے
ادارے کے استحکام کے لیے سیلف انکم میں اضافہ ناگزیر ہے، ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے
ملتان ۔ 30 جولائی (اے پی پی)ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے ڈاکٹر زاہد اکرام نے کہا ہے کہ پارکس میں بحالی اور سہولیات کی فراہمی تیزی سے جاری ہے، اس سلسلے میں زیب النساء پارک کا بجلی میٹر بحال کردیا گیا ہے ۔ امیرآباد پارک میں گھاس اور پودوں کی شجرکاری، تراش خراش اور ڈینگی سروے مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ دولت گیٹ گرین بیلٹ پر صفائی اور مٹی کی بھرائی کا عمل جاری ہے ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نے مزید کہا کہ پارکس میں بحالی و سہولیات کی فراہمی مشن ہے جس کو مشن سمجھ کر سرانجام دے رہے ہیں ۔ پارکس بتدریج بہتری کی جانب گامزن ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مون سون اور شجرکاری کے لیے موافق موسم کی آمد آمد ہے جس کے لیے مکمل تیاری کر لی گئی ہے اور اب بھرپور انداز سے شجرکاری کریں گے ۔ گرین بیلٹس کو شجرکاری کے لیے موافق بنانے کے لیے صفائی اور تراش خراش کا عمل جاری ہے ۔ ڈائریکٹر جنرل نے مزید کہا کہ ادارے کے استحکام کے لیے سیلف انکم میں اضافہ ناگزیر ہے جس کے لیے مربوط حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے ۔ ادارے کی بہتری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے ۔ اگست میں پبلسٹی ٹھیکہ 2019-20ء کی کامیاب بولی کے لیے پر امید ہیں آمدنی سے ادارے کو مالی تقویت ملے گی ۔