کراچی کی مشہور مارکیٹ میں درجنوں دکانیں پُراسرار طور پر زمین میں دھنس گئیں، پورے علاقے کو سیل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں قائم قدیم جوبلی مارکیٹ کی دکانیں زمین بوس ہوگئیں جس کے بعد مارکیٹ کو سیل کردیا گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق کراچی میں قائم جوبلی مارکیٹ کے اطراف نالے پر بنیں 10سے 12 دکانیں زمین بوس ہوگئیں جس کے نتیجے میں متعدد دکانوں اور راستے کو نقصان پہنچا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دکانیں جوبلی مارکیٹ کے اطراف نالے پر بنی ہوئی تھیں۔اسسٹنٹ کمشنر نے جائے وقوعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تحقیقات کی جا رہی ہیں، تاحال معاملہ پراسرار ہے تاہم دیکھنے میں یوں لگ رہا ہے کہ نالہ کمزور ہونے سے دکانیں دھنس گئی ہیں، دکانیں نالے کے اطراف بنی ہوئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ جوبلی مارکیٹ کو سیل کردیا گیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ٹیکنیکل ٹیم معاوئنہ کررہی ہے، مارکیٹ کا معائنہ کرنے کے بعد اسے کھولنے یا نہ کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہوسکتا ہے گیس بھرجانے کے باعث نالہ بیٹھ گیا ہو، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ دکانداروں نے اپنی دکانوں سے اپنی قیمتی اشیا نکال لی ہیں، تاہم اُنہیں غیر ضروری طور پر دکانوں کے قریب جانے سے روک دیا گیا۔
پولیس حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ مزید دکانیں بھی زمین میں دھنس سکتی ہیں، اس لیے مارکیٹ اور اس کے اردگرد کے علاقے کو عارضی طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔ حکام کی جانب سے علاقہ مکینوں کو بھی محتاط رہنے کا کہا گیا ہے اور کسی بھی قسم کی زمین میں تبدیلی کے حوالے سے پولیس حکام کو فوری طور پر آگاہ کرنے کا کہا گیا ہے۔








