پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ و ماڈلآمنہ الیاس کا کہنا ہے کہ میں نے کبھی سوچا نہیں تھا کہ اداکارہ بنوں گی –
باغی ٹی وی : آمنہ الیاس رنگت کی بنیاد پر تعصب کے خلاف کافی متحرک رہی ہیں اور اب وہ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے مختلف سماجی مسائل کو اجاگر کرتی نظر آتی ہیں جس پر انہیں مداحوں کی جانب سے کافی سراہا بھی جاتا ہے-
اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے آمنہ الیاس نے بتایا کہ میں نے کبھی سوچا نہیں تھا کہ اداکارہ بنوں گی میں نے ٹی وی کمرشلز کیے ہوئے تھے اور فیشن ویڈیوز کرتی تھی، ڈائریکٹرز جیسا سمجھاتے تھے کر لیتی تھی۔ فلم کی آفر کے بعد مجھے محسوس ہوا کہ شاید میں اداکاری کر سکتی ہوں تو میں نے قسمت آزما لی۔
انہوں نے بتایا کہ میری فلم گڈ مارننگ کراچی اور زندہ بھاگ پر لوگوں کا جو رسپانس تھا اس کو دیکھ کر مجھے اعتماد ملا مجھے لگا کہ اگر لوگ تعریف کررہے ہیں تو یقینا کوئی بات ہی ہو گی میں نے اچھا ہی کام کیا ہوگا۔
ماڈلنگ سے اداکاری کی فیلڈ میں آنا ان کے لیے کتنا چیلنجنگ تھا اس سوال کے جواب میں آمنہ الیاس نے بتایا کہ جب اداکاری کی طرف آئی تو حالت یہ تھی کہ مجھے ڈائیلاگ بولنا نہیں آتے تھے میرے منہ سے ڈائیلاگ نکلتے ہی نہیں تھے مجھے پتہ ہی نہیں تھا کہ کہاں رکنا ہے، کہاں بولنا ہے، کیسے دیکھنا ہے مجھے ڈائیلاگز بولنے پر بہت محنت کرنا پڑی۔
آمنہ الیاس نے بتایا کہ کسی فلم کا سکرپٹ ملتا ہے تو اسے بار بار پڑھتی ہوں یہاں تک کہ اس رول کے لیے ہاں کرنے سے پہلے سکرپٹ کو لازمی طور پر چار پانچ بار پڑھ چکی ہوتی ہوں۔ بار بار پڑھنے سے آپ کو پتہ لگ جاتا ہے کہ رائٹر کہنا کیا چاہتا ہے اور کہانی ہے کیا اور کردار کو بہتر انداز میں کرنے کے لیے کیا کیا جا سکتا ہے-
اداکارہ و ماڈل کا کہنا ہے کہ شوبز میں اتنے سالوں بعد بھی وہ آج بھی کیمرے کے سامنے جاتے ہوئے نروس ہوجاتی ہیں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے کوئی امتحان ہے جو دینے جا رہی ہیں اور پتہ نہیں رزلٹ کیا ہوگا۔
اداکارہ کے مطابق مجھے ایکشن کامیڈی ہر طرح کا کردار کرنا اچھا لگتا ہے اداکار وہی ہے جو ہر کردار بخوبی نبھا سکے۔ ’خود کو سیریس یا صرف کامیڈی کرداروں تک محدود رکھنے کی قائل نہیں ہوں، ایکشن کردار ملا تو وہ بھی کروں گی۔