آئے روز اس دنیا میں نئی سے نئی ایجادات اور جدید سے جدید ٹیکنالوجی متعارف کروائے جانے کی اس دوڑ میں جہاں اِس اشرف المخلوقات نے اپنی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے بہت ساری کامیاب ایجادات کی ہیں۔ اُنہی ایجادات میں سے ایک بہت بڑی اور حیران کُن ایجاد آج کے دور میں تقریباً ہر ایک انسان کے استعمال میں رہنے والے سمارٹ سسٹم موبائل فونز بھی ہیں۔
جیساکہ اِس سے پہلے بھی اِن جدید سسٹم موبائل فونز کے ہماری زندگیوں پہ پڑنے والے منفی اور بُرے اثرات پر میرے تین کالمز شائع ہو چکے ہیں تو آج میں اپنی اِس تحریر کے زریعے اِن موبائل فونز کے ہماری زندگیوں پہ پڑنے والے اچھے اور مثبت اثرات بیان کرنے کی کوشش کروں گا۔ اگر ہم اِن جدید سسٹم موبائل فونز کے فوائد کو دیکھیں تو یہ اَن گنت ہیں جن کا شمار کیا جانا بھی بہت مشکل ہے، لیکن میں اپنے علم کے مطابق کوشش کروں گا کہ کسی حد تک زیادہ سے زیادہ فوائد کا تفصیلاً ذکر کر سکوں۔
~ تیز ترین پیغام رسانی، ڈیجیٹل کتابت کا بہترین زریعہ اور قرآن و حدیث تک کا موبائل کے زریعے مطالعہ بھی ایک بڑی سہولیات میں سے ایک ہے۔
اس موجودہ اکیسویں صدی میں اس جدید سے جدید ٹیکنالوجی کے زریعے اب ہر کام آسان و سہل ہونے کے ساتھ ساتھ تیز ترین بھی ہوتا جا رہا ہے۔ پرانے وقتوں میں ہمیں جہاں اپنے کسی جاننے والے کو اپنا ایک پیغام پہنچانے کیلئے کئی کئی ہفتوں اور مہینوں تک انتظار کرنا پڑتا تھا، اب اِن جدید سسٹم موبائل فونز نے ہمارا یہ کام اتنا آسان کر دیا ہے کہ اب اگر ہمیں پوری دنیا میں کہیں بھی کسی کو اپنا کوئی پیغام بھجوانا ہو یا پھر اُن سے بات کرنی ہو تو اِن موبائل فونز کے زریعے پلک جھپکتے ہی ہمارا پیغام اپنی منزلِ مقصود پہ پہنچ جاتا ہے۔
پوری دنیا میں کہیں بھی اب آپ کا کسی سے بات کرنے کے لیے بس اُس کا رابطہ نمبر ہونا ضروری ہے جس کے زریعے سے آپ اُن سے کسی بھی وقت خواہ آپ دنیا کے کسی بھی کونے میں ہوں، آپ اپنا پیغام لکھ کر، اپنی آواز ریکارڈ کر کے یا پھر آپ براہ راست آپس میں بات کر کے بھی پہنچا سکتے ہیں۔
اور پھر آج کے دور میں جہاں سوشل میڈیا کے نام سے پکاری جانے والی لا تعداد ایپلیکیشنز بھی ایجاد ہو چکی ہیں، جنہیں ہم اپنے اِن جدید سسٹم موبائل فونز میں انسٹال کرنے کے بعد اُن کے زریعے سے بھی ہم آپس میں بات کرنے کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے کو دیکھ بھی سکتے ہیں اور براہ راست ویڈیو کال کے زریعے ہم آپس میں باتیں بھی کر سکتے ہیں۔ جو کہ ایک انتہاء درجے کی ترقی، سہولت اور فوائد میں سے ایک ہے۔
اسی طرح پہلے ادوار میں اگر ہمیں اپنی کوئی من پسند کتاب پڑھنے کا جی چاہتا تھا تو اُسے ڈھونڈنے کے لیے کئی کئی دن صَرف کرنے پڑتے تھے، بعض اوقات تو ہفتے اور مہینے بھی لگ جایا کرتے تھے۔ لیکن جب سے یہ جدید سسٹم موبائل فونز عام ہوئے ہیں تب سے آپ کو صرف انٹرنیٹ کی ضرورت ہوتی ہے جس کے زریعے سے آپ کسی بھی مصنف کی کوئی بھی کتاب چند منٹوں میں انٹرنیٹ کے زریعے ڈھونڈ کر ڈاؤن لوڈ کر کے اپنے پاس محفوظ بھی رکھ سکتے ہیں اور اسے اپنے موبائل پہ ہی پڑھ بھی سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ پھر آپ اخبارات، رسائل، تدریسی و ادبی اور تاریخی کتب، شعر و شاعری، اقبالیات، فنونِ لطیفہ اور ہر وہ اقسام کی کتابیں جو آپ کو پسند ہوں اور آپ پڑھنا چاہتے ہوں، چند منٹوں میں انہیں بھی انٹرنیٹ کے زریعے سے ڈھونڈ کر پڑھ سکتے ہیں۔ جو کہ اب اِن جدید سسٹم موبائل فونز کی وجہ سے ہی ہمارے بہت سارے وقت کی بچت بھی ممکن ہوئی ہے اور یہ ایک بہت ہی بہترین اور آسان سہولتوں میں سے بھی ایک ہے۔
اس کے بعد اگر ہم اسلامی لحاظ سے بھی دیکھیں تو پہلے جہاں ہمیں قرآن مجید کے علاوہ باقی جتنی بھی کتب تھیں (کیونکہ قرآن مجید تو الحمد للہ ہر گھر میں بڑی تعداد میں موجود ہوتے ہیں) جن میں قرآن مجید کا مختلف علماء کا کیا ہو ترجمہ، قرآن مجید کی تفسیر، احادیث کی کتب اور اِن کے علاوہ جتنی بھی اسلامی کتب تھیں، اُن کو پڑھنے کی غرض سے حاصل کرنے کے لیے ہمیں دور دراز شہروں میں موجود لائبریریوں اور کتابوں کی دوکانوں پہ جانا پڑتا تھا اور بعض اوقات تو ہمیں اپنی مطلوبہ کتب عدم دستیابی کی وجہ سے وہاں سے بھی نہیں مل سکتی تھیں، جس کا پھر کافی دنوں یا ہفتوں اور بعض دفعہ تو مہینوں تک کا انتظار کرنے کے بعد، وہ بھی سپیشل آرڈر کی صورت میں منگوانے پر بامشکل ملا کرتی تھیں۔
تو اب اِن جدید سسٹم موبائل فونز کے عام ہو جانے کے بعد ہمیں قرآن مجید کی بھی بہت ساری ایسی ایپلیکشنز مل جاتی ہیں، جن کو ہم انٹرنیٹ کے زریعے سے اپنے اِن موبائل فونز میں ڈاؤن لوڈ بھی کر سکتے ہیں اور پھر جب چاہیں اسے انٹرنیٹ کے بغیر ہی تلاوت بھی کر سکتے ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ آپ قرآن مجید کا ترجمہ اور تفسیر، احادیث قدسیہ، فقہاہ اور تقریباً ہر طبقہ فِکر سے تعلق رکھنے والے علماء کی لکھی گئی کتابیں، پھر ان کی تقاریر اور دینوی و دنیاوی مسائل پہ اُنکی کی گئی جراح کو بھی اپنے اِن جدید سسٹم موبائل فونز پہ ہی پڑھ، سُن اور دیکھ بھی سکتے ہیں۔ جِس سے ہمارے وقت کی بھی بہت ساری بچت ہو جاتی ہے اور ہم ایک ہی موضوع پہ مختلف علماء کی لکھی ہوئی کتابوں سے حوالے بھی دیکھ سکتے ہیں۔ اور یہ سب کچھ ایک انتہائی اعلٰی درجے کی سہولت اور بڑے فوائد میں سے ایک بھی ہے۔
اور اب آخر میں! میں یہ کہوں گا کہ ہم پہ بطور مسلمان اور ایک اچھے محبِ وطن پاکستانی ہونے کے ناطے سے بھی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم اس جدید سے جدید ٹیکنالوجی اور اِن جدید سسٹم موبائل فونز کو ایک غنیمت اور نعمت جانتے ہوئے جہاں تک ہو سکے نیکی اور اچھائی پھیلانے کے لیے استعمال کرنا چاہیے اور اِن موبائل فونز کے زریعے سے ہی پھیلائی جانے والی لا تعداد برائیوں، ان کے بُرے اسباب، استعمال اور اثرات سے بھی دوسروں کو بچانے کی جتنی ممکن ہو سکے، کوشش بھی کرتے رہنا چاہیے۔ تاکہ ہم اس دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی کامیابی حاصل کر سکیں۔
اللہ تعالی ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔
وآخر دعونا أن الحمدلله رب العالمين
دُعاؤں میں یاد رکھیے گا۔ شکریہ
– Twitter Handle: @MainBhiHoonPAK