اسلامی سال کا پہلا مہینہ محروم الحرام ہے جوکہ نہایت عظمتوں اور برکتوں والا ہے. خاص طور پر اس مہینے کی 10 تاریخ یعنی عاشورا کے دن کو دین اسلام میں بہت اہمیت حاصل ہے. ہمارے پیارے آخری نبی حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے اس دن روزہ رکھا اور صحابہ کرام علیہم الرضوان کو بھی اس دن کا روزہ رکھنے کا حکم ارشاد فرمایا. بلکہ اسلام سے قبل بھی لوگ اس دن کا ادب و احترام کرتے اور روزہ رکھتے تھے.
ہمیں بھی چاہیے کہ اس دن کا روزہ رکھیں اور دیگر عبادات بھی کریں  اور اپنے گھر والوں اور دیگر دوست و احباب کو بھی اسکی ترغیب دیں. عاشورا میں کی جانے والی چند نیکیاں بیان کی جارہی ہیں تاکہ ہم ان پر عمل کرسکیں. ہمارے پیارے آخری نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے ارشاد فرمایا، مجھے اللہ پاک کے کرم سے امید ہے کہ عاشورا کا روزہ ایک سال قبل کے گناہ مٹا دیتا ہے.
عاشورا کی رات آئے تو یہ عمل کیجئے.
عاشورا کی رات میں چار رکعت نفل اس طرح ادا کیجئے کہ ہر رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد آیت الکرسی ایک بار اور سورہ اخلاص تین تین بار پڑھیے پھر نماز سے فارغ ہو کر سو مرتبہ سورہ اخلاص (قل ھواللہ احد پوری سورت ) پڑھئے اسکی برکت سے گناہوں سے پاک ہوگا اور جنت الفردوس میں بیشمار نعمتیں ملیں گی.
فرمان مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم جو دس محرم کو اپنے بال بچوں کے خرچ میں فراخی (یعنی کشادگی) کرے گا تو اللہ تعالیٰ سارا سال اس کو فراخی دے گا.
حضرت سفیان ثوری رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں ہم نے اس حدیث کا تجربہ کیا تو ایسا ہی پایا.
عاشورہ کے دن کی بارہ نیکیاں. عاشورہ کے روز 12 چیزوں کو علماء نے مستحب لکھا ہے.
1: روزہ رکھنا.   2: صدقہ کرنا. 3: نفل پڑھنا.
4: ایک ہزار مرتبہ قل ھو اللہ پڑھنا.  5 : علماء کی زیارت کرنا
6: یتیم کے سر پر ہاتھ پھیرنا.  7: اپنے اہل و عیال کے رزق میں وسعت کرنا. 8 : غسل کرنا. 9 : سرمہ لگانا.
10 : ناخن تراشنا.  11: مریضوں کی بیمار پرسی کرنا.
12 : دشمنوں سے ملاپ( یعنی صلح صفائی کرنا)
عاشورا کے دن نواسہ رسول، جگر گوشہ بتول، امام عالی مقام، حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ نے اپنے رفقاء کے ہمراہ گلشن اسلام کی آبیاری کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا. لہذا ہمیں بھی چاہیے اس دن خوب خوب شہدا کربلا کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی، ذکر و درود اور نزر ونیاز کا بھی اہتمام کرنا چاہیے. اور یہ بھی نیت کیجئے کہ آج کے بعد ہماری کوئی نماز قضا نہیں ہوگی إن شاءاللهُ الكريم.
کچھ نیکیاں کمالے جلد آخرت بنالے
کوئی نہیں بھروسہ اے بھائی زندگی کا.
Shares:







