ساہیوال:شہر کے معروف مقام باہر والا اڈہ پر ایک سٹال سے ناشتہ کرتے ہی متعدد افراد کی حالت غیر ہوگئی،متائثرہ افراد قے کرنے لگے اور ان پر بے ہوشی طاری ہونا شروع ہوگئی،ریسکیو 1122 نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے متائثرین کو طبی امداد دی اور ہسپتال منتقل کیا،تفصیلات کے مطابق ساہیوال میں باہر والا اڈا کے مقام پر مسافروں نے ایک سٹال سے ناشتہ کیا لیکن جوں ہی وہ نوالے حلق سے اتارتے گئے ان کی حالت غیر ہونا شروع ہوگئی،سٹال پر موجود کھانے کو چیک کیا گیا تو اس میں سے چھپکلی برآمد ہوئی،تاہم ریسکیو1122نے فوری اور بروقت امدادی آپریشن کرتے ہوئے انہیں ابتدائی طبی امداد مہیا کی اور مریضوں کو ہسپتال منتقل کیا،ہسپتال منتقل کیے جانے والے گیارہ افراد میں سے 9 متائثرین کو ضروری علاج معالجے کے بعد ڈسچارج کردیا گیا جبکہ دو افراد کی حالت زیادہ خراب ہونے کی بنا پر ان کو روک لیا گیا تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے،
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی سمیت دیگر ادارے محض فوٹو سیشن تک محدود ہیں جبکہ شہر میں جابجا مضر صحت کھانا اور ناقص گوشت سرعام فروخت ہورہا ہے،دوسری طرف ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کو تمام فوڈ پوائنٹس اور کھانے کی ریڑھیوں کی سخت چیکنگ کرنے کی ہدایات کردی گئیں ہیں تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات سے بچا جاسکے
Shares: