بابراعظم نے ایک اوراعزاز اپنے نام کروالیا

0
77

دبئی :بابراعظم نے ایک اوراعزاز اپنے نام کروالیا،اطلاعات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے والے کپتان بن گئے۔

بابر اعظم نے یہ کارنامہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں افغانستان کے خلاف میچ میں انجام دیا۔واضح رہے کہ پاکستانی کپتان نے 26 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دے کر بھارت کے ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ ا ہے۔

ویرات کوہلی نے بطور کپتان ایک ہزار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنز30 اننگز میں مکمل کیے تھے۔اس کے علاوہ بابر ٹی ٹوئنٹی میچز میں ایک ہزار رنز بنانے والے نویں کپتان ہیں۔

خیال رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ساتویں ایڈیشن کا سپر 12 مرحلہ متحدہ عرب امارات میں جاری ہے۔

دوسری طرف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے میں پاکستان نے افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔تفصیلات کے مطابق دبئی میں کھیلے گئے اس میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 147 رنز بنائے۔

افغانستان کی جانب سے کپتان محمد نبی اور گل بدین نے 35،35 رنز بنائے،نجیب اللہ زردان 22،کریم جنت 15،رحمان اللہ گرباز اور اصغر افغان 10،10 جبکہ محمد شہزاد نے 8 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے عماد وسیم نے 2 ،شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور شاداب خا ن نے 1،1 وکٹ حاصل کی ۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے محتاظ بیٹنگ کی گئی، کپتان بابر اعظم نے 51 رنز کی اننگ کھیلی،فخر زمان 30 ،شعیب ملک 19،محمد رضوان 8 جبکہ آصف علی نے برق رفتار 25 رنز کی اننگ کھیلتے ہوئے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کروایا۔

افغانستان کی جانب سے راشد خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مجیب الرحمان ،محمد نبی اور نوید الحق نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔اس فتح کے بعد پاکستان ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی آسان ہو گئی ہے۔گروپ 2 کے پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے۔

Leave a reply