سرگودھا ( ادریس نواز چدھڑ سے ) واٹر سپلائی کا تباہ حال نظام عوامی مسائل میں اضافہ کا باعث، زیر زمین پانی مضر صحت، واٹر سپلائی کے تالاب گندگی کے ڈھیر میں تبدیل، لوگ مختلف مہلک امراض کا شکار اور دور دراز سے پانی لانے یا خرید کر استعمال کرنے پر مجبور ہوگئے ۔
تفصیلات کے مطابق :
سرگودھا میں میٹروپولیٹین حکام اور واٹر سپلائی ذمہ داتان کے ساتھ مقامی انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت اور ممبران اسمبلی کی حالات سے چشم پوشی کے باعث صورت حال ابتر ہوچکی ہے، سرگودھا کے زیر زمین مضر صحت پانی کی وجہ سے آبادی کا انحصار واٹر سپلائی پر ہوتا ہے مگر زیر زمین بچھی ہوئی واٹر سپلائی اور سیوریج لائنیں بوسیدہ اور اکثر علاقوں میں سیوریج کا پانی مکس ہوجانے کی وجہ سے یہ پانی بھی قابل استعمال نہیں رہتا، دوسری جانب واٹر سپلائی کے تالاب بھی گندگی کا ڈھیر بن چکے ہیں ۔ واٹر سپلائی تالابوں کی کئی عشروں سے تالابوں کی صفائی نہ ہونے سے حالات ابتر ہیں، انہی عوامل کی وجہ سے لوگ شدید مسائل اور مختلف بیماریوں کا شکار ہیں اور پانی خرید کر یا دور دراز علاقوں سے بھر کر لانے پر مجبور ہیں اور کوئی پرسان حال نہیں ۔
عوام کا مطالبہ ہے کہ ارباب اختیار اس سنگین صورت حال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے حالات کی بہتری کیلئے حقیقی کردار ادا کریں تاکہ اہل سرگودھا کو اس مستقل عذاب سے نجات مل سکے ۔