لیاری میڈیکل کالج کی انتظامیہ حکومت سندھ کے ویژن کے مطابق لیاری کے غریب عوام کو جدید طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے ،ٹیم ورک کیوجہ سے لیاری جنرل اسپتال کے مریضوں کو دیگر سرکاری اسپتال منتقل کرنے کاعمل نہ ہونے کے برابر ہو گیا ہے بلکہ تدریسی اسپتال میں بہتر سہولیات کی بناء پر دیگر سرکاری اسپتالوں کے مریض لیاری اسپتال میں علاج کرانے کو ترجیح دیتے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار شہید محترمہ بے نظیر بھٹو لیاری میڈیکل کالج کی پرنسپل پروفیسر انجم رحمان نے اسپتال میں انڈو اسکوپی ڈیپارٹمنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر اسپتال کے میڈیکل سپریٹینڈنٹ ڈاکٹر زبیر آغا ،ڈاکٹر بروہی ،عذیر رستم بلوچ ،اقبال انصاری،جمیل شاہ ،ملا عبد الغنی ،اعجاز بلوچ ،عاطف بلوچ ،عاصم بلوچ ،ریاض بابل اور دیگر بھی موجود تھے ۔
پروفیسر انجم رحمان نے کہا کہ وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو لیاری جنرل اسپتال کو کراچی کا مثالی سرکاری اسپتال بنانے کی خواہاں ہیں وہ اپنی طبی اور نیم طبی عملے کی ٹیم کے ہمراہ شب روز اسپتال میں مریضوں کے علاج و معالجے کی سہولیات کو بہتر اور جدید بنانے کیلئے کوشاں ہیں ۔اس موقع پر طبی اور نیم طبی عملے نے پروفیسر انجم رحمان گلدستے پیش کئے ۔

Shares: