لاہور:غریبوں پربوجھ ڈال کرسابق آئی جیز کی مراعات میں اضافہ کردیا گیا ،اطلاعات کےمطابق بقول پنجاب حکومت کے کہ مہنگائی سے پریشان سابق آئی جیز کیلئےاقدام اٹھاتے ہوئے مراعات میں اضافہ کر دیا۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے سابق آئی جیز کو ریلیف دینے سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق ہر سابق آئی جی کو ماہانہ ایک لاکھ روپے تک سہولت دی جائے گی۔

سابق آئی جیز کو ریلیف گزشتہ مہینہ سے نافذالعمل ہو گا۔ سابق آئی جیز کو ڈرائیور کی مد میں 23580 روپے ادا کیے جائیں گے جب کہ اردلی کی مد میں 20670 روپے ادا کیےجائیں گے۔

حکومت سابق آئی جی کو گیس بل کی مد میں 8250 روپے ادا کرے گی۔ سابق آئی جیز کو 200 لیٹر پٹرول بھی فراہم کیا جائے گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیلیفون کی مد میں ڈھائی ہزار اور بجلی بل کی مد میں 25 ہزار ملیں گے۔

ادھر سرکاری ملازمین کی یکم مارچ سے تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ ہوگا وزارت خزانہ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں فرق کم کرنےکامعاملہ طےہوگیا ہے۔

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ ہوگا جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، تنخواہوں میں یہ اضافہ یکم مارچ سے کیا جائیگا۔وزارت خزانہ نے 15 فیصد خصوصی الاؤنس کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ گریڈ ایک سے19 تک کے سول ملازمین کو یکم مارچ سے الاؤنس ملے گا۔

وزارت خزانہ نےتمام متعلقہ وزارتوں کومراسلہ جاری کر دیا ہے تاہم پہلے سےہی 100 فیصد یا زیادہ الاؤنس لینےوالے اس اضافے سے مستفید نہیں ہوں گے۔

واضح رہے کہ حکومت نے رواں ماہ کے آغاز میں ہی کم تنخواہ والے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کیا تھا۔حکومت نے کم تنخواہ والے سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں 15 فیصد اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ تنخواہوں میں اضافے کا اطلاق یکم مارچ سے ہوگا۔

Shares: