روس یوکرین تنازع:پاکستان نے یورپی سفیروں کیطرف سےپریس ریلیزجاری کرنےپرجواب طلب کرلیا

0
36

اسلام آباد :روس یوکرین تنازع، پاکستان نے یورپی سفیروں کیطرف سے پریس ریلیز جاری کرنے پرجواب طلب کرلیا،اطلاعات کے مطابق پاکستان نے روس اور یوکرین تنازع پر ملک میں تعینات یورپی سفیروں کی جانب سے پریس ریلیزجاری کرنے پرتحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق غیرملکی سفیروں کی طرف سے بیان بازی سفارتی روایت نہیں ہے اور ہم نے حالیہ یورپی سفیروں کی طرف سے پریس ریلیزجاری کرنے پرتحفظات کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیرملکی سفیروں کی طرف سے پریس ریلیز جاری کرنا قابل قبول نہیں، دفترخارجہ اور خارجہ سیکرٹری نے معاملہ یورپی سفارتخانوں کے ساتھ اٹھایا ہے اور یورپی سفارتخانوں نے تسلیم کیا کہ ایسی پریس ریلیزانہیں جاری نہیں کرنی چاہیے تھی۔

خیال رہے کہ برطانیہ، جاپان، ناروے، آسٹریلیا، ترکی اور کینیڈا سمیت مختلف ممالک کے سفرا اورہائی کمشنرز کی جانب سے پاکستان کو یوکرین پر روسی حملے کی مذمت کرنے اور عالمی قوانین کی حمایت کرنے پر اصرارکیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ روس نے 24 فروری کو یوکرین پر حملہ کیا تھا جس کے بعد سے دارالحکومت کیف سمیت کئی شہر روسی افواج کے محاصرے میں ہیں۔پاکستان نے اس معاملے پر آزاد خارجہ پالیسی پر عمل پیرا رہنے کا فیصلہ کیا اور روس یوکرین کشیدگی کو بات چیت سے حل کرنے پر زور دیا۔

اس سلسلے میں پرسوں یعنی 2 مارچ کو وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اہم اجلاس میں حکومت نے آزادانہ خارجہ پالیسی پر عمل پیرا رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعظم کی زیر صدارت سکیورٹی امور سے متعلق اجلاس ہوا جس میں سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں قومی سلامتی امور سے متعلق امورپرمشاورت کی گئی اور ملکی سکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ خطےکی صورتحال کے پیش نظر حکمت عملی پر بھی مشاورت کی گئی اور اہم فیصلے کیے گئے۔

حکومت نے آزاد خارجہ پالیسی پر عمل پیرا رہنے کا فیصلہ کیا اور روس یوکرین کشیدگی کو بات چیت سے حل کرنے پر زور دیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان کسی بھی صورت میں کشیدگی کا حامی نہیں۔

Leave a reply