مرغوں کی لڑائی میں 19 افراد جان سے ہاتھ دھوبیٹھے

میکسیکو:مرغوں کی لڑائی میں 19 افراد جان سے ہاتھ دھوبیٹھےاور بہت سے لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں ، پولیس کے مطابق میکسیکو میں مرغوں کی لڑائی کے دوران مسلح افراد کے ایک جان لیوا حملے میں 19 افراد ہلاک ہوگئے۔

خبر ایجنسی کے مطابق میکسیکو میں مرغوں کی لڑائی جاری تھی اس دوران اسٹیڈیم پر مسلح افراد نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 3 خواتین سمیت 19 افراد ہلاک ہوگئے۔

اسٹیڈیم میں مسلح افراد کے حملے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

 

رپورٹ کے مطابق مسلح افراد کے حملے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں منشیات کے اسمگلروں کے درمیان گینگ وار اکثر جاری رہتی ہے، گزشتہ ماہ بھی اس علاقے میں گینگ وار کے دوران 17 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

دوسری جانب پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ مرغوں کے مقابلے کے شائقین پر حملہ گزشتہ ماہ مرنے والے افراد کا انتقام بھی ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ مرغوں کی لڑائی میکسیکو کے بہت سے علاقوں میں غیر قانونی ہے، کچھ حصوں میں یہ شائقین کی مقبول تفریح کا ذریعہ ہے، زیادہ تر علاقوں میں مرغوں کی لڑائی خفیہ طور پر منعقد کی جاتی ہے۔

مرغوں کی لڑائی پر پابندی عائد ہے پھر بھی اکثر یہ مقابلے منعقد کیے جاتے ہیں جس کے نتیجے میں مرغے ہلاک ہوجاتے ہیں، مرغوں کی لڑائی کے لیے پنجوں پر تین انچ لمبے تیز دھار آلے باندھے جاتے ہیں۔

Comments are closed.