نئی دہلی (اے پی پی) کانگریس نے بیان دیا ہے کہ اقوام متحدہ میں کشمیر پر بحث مودی سرکار کی خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے.
تفصیلات کے مطابق بھارت کی سب سے قدیم سیاسی جماعت کانگریس نے کشمیر کے حالات پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ہونے والے بحث کو مودی حکومت کی خارجہ پالیسی کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی اس اجلاس کو منسوخ کرانے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ کانگریس کے ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پارٹی اس معاملے کو بہت سنگین مانتی ہے۔ اقوام متحدہ میں کشمیر کے معاملے میں بحث ہونے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ وزیراعظم خاموش ہیں۔ شروع سے ہی خارجہ پالیسی ایک لازمی ستون رہاہے، اسے تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ کشمیر کے معاملے کو بین الاقوامی طور پر اٹھایا جارہا ہے جو مکمل طور پر خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے۔
ابھیشیک منو سنگھوی نے مزید کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ اسی موضوع پر چین جاتے ہیں اور ناکام لوٹتے ہیں جبکہ چین پاکستان کی سیاسی اور سفارتی حمایت میں سکیورٹی کونسل کا اجلاس منعقد کرا لیتا ہے جو بھارتی خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے۔