کراچی : پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری نے 17 اپریل کو ایسٹر کا تہوار روایتی جوش و خروش اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا،مسیحی برادری کی جانب سے مختلف گرجا گھروں میں خصوصی عبادات اور دعائیہ تقاریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔ایسٹر کی مناسبت سے کراچی کے بڑے گرجا گھروں میں تقریبات منعقد ہوئیں، جس میں شریک مسیحی مرد و خواتین اور بچوں نے ایسٹر کی خصوصی عبادات کیں، مسیحی برادری کی جانب سے سلامتی، امن اور خوشحالی کی بھی دعائیں کی گئیں۔
بعض عیسائی عبادات کے علاوہ ایسٹر موسیقی، پھولوں، موم بتیوں، اور چرچ کی گھنٹیاں بجا کر بھی مناتے ہیں جبکہ ایسٹر سے پہلے کے چالیس دنوں کے دوران روزے رکھتے اور اپنے گناہوں کا اقرار کرتے ہیں ۔
یہ عرصہ لینٹ یا روزوں کے چلے کے طور پر مشہور ہے۔ لینٹ قدیم انگریزی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی بہار کے ہیں۔ایسٹر کے موقع پر ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں عیسائی برادری نے گرجا گھروں میں خصوصی عبادات میں شرکت کی اور پاکستان بھر میں موجود گرجا گھروں کو سجایا گیا۔مسیحی برادری کے تہوار، ایسٹر کی تقریبات کے موقع پر کراچی سمیت سندھ بھر کے تمام گرجا گھروں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔اس سے قبل عالمی وبا کورونا کی وجہ سے یہ تہوار انتہائی محدود پیمانے پر منایا گیا تھا۔

Shares: