اسلام آباد:حنیف عباسی وزیراعظم کے معاون خصوصی مقرر،اطلاعات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی تعینات کردئیے گئے۔
ذرائع کے مطابق حنیف عباسی کو وزیراعظم کا معاون خصوصی مقرر کردیا گیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہوگیا ہے۔رہنما ن لیگ حنیف عباسی کا عہدہ وفاقی وزیر کے مساوی ہوگا۔
خیال رہے کہ کچھ دیر قبل پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک کے 37 ویں وزیر خارجہ کی حیثیت سے عہدے کا حلف اٹھایا ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 33 برس، سات ماہ اور چھ دن کی عمر میں حلف اٹھا کر پاکستان کے کم عمر ترین وزیرخارجہ بننے کا اعزاز حاصل کیا، ان کے نانا شہید ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کے 12 ویں وزیر خارجہ تھے۔
ذرائع کے مطابق گیارہ جماعتوں کے اتحاد سے تشکیل دئیے گئے حکومتی اتحاد کے باعث وفاقی کابینہ میں مزید توسیع کی جارہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے سینیٹر مصدق ملک کو بھی وفاقی وزیر بنانے کا فیصلہ کیا ہے، سینیٹر مصدق ملک کل بروز جمعرات حلف اٹھائیں گے، انہیں پیٹرولیم کی وزارت دی جائےگی۔
اس سے قبل آج بلاول بھٹوزرداری نے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا، صدر مملکت عارف علوی نے بلاول بھٹو سے حلف لیا تھا، اسی کے ساتھ ہی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ملکی تاریخ کا کم عمر ترین وزیر خارجہ بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
اس سے قبل کابینہ کی تشکیل کے پہلے مرحلے میں انیس اپریل کو تیس وفاقی وزرا اور تین وزرا مملکت نے حلف اٹھایا تھا۔
دوسرے مرحلے میں بائیس اپریل کو وفاقی کابینہ میں توسیع کی گئی تھی اور کابینہ میں تین وفاقی وزرا اور ایک وزیر مملکت کو شامل کیا گیا تھا۔ کابینہ میں پہلے ہی تین مشیروں کو بھی شامل کیا جا چکا ہے۔