لاہور:گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے لاہور ہائیکورٹ کے جج کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔
ایک بیان میں گورنر پنجاب نے کہا کہ عالمی سازش کی وجہ سے بھٹو کو پھانسی پر چڑھا دیا گیا، آج عمران خان کے خلاف سازش ہوئی اور ایک جمہوری حکومت کو ختم کیا گیا۔
علاوہ ازیں عمر سرفراز چیمہ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ ہر گزرتا لمحہ پنجاب کے بے قصور غیرت مند جوانوں کے لیے زندگی مشکل کرتا جا رہا ہے ۔انہوں نے مزید لکھا کہ سسیلین مافیا اپنے مخالفوں پر ناموس رسالت ﷺ جیسے سنگین جرائم کے جھوٹے پرچے کاٹ رہی ہے۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب کے غریب اور معصوم شہریوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے، وزیراعظم وقت ضائع نہ کریں، آپشننز محدود ہوتے جا رہے ہیں۔
گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے وزیراعظم شہباز شریف کے بعد آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو بھی خط لکھ دیا۔گورنر پنجاب نے آرمی چیف کو صدر مملکت اور وزیر اعظم کو لکھے گئے خطوط کی نقول بھی بھیجوا دیں۔
ہر گزرتا لمحہ پنجاب کے بے قصور غیرت مند جوانوں کے کئے زندگی مشکل کرتا جا رہا ہے
Sicilian mafia اپنے مخالفوں پر جھوٹے ناموس رسالت جیسے سنگین جرائم کے جھوٹ پرچے کاٹ رہی ہےغریب پنجابی معصوم شہریوں کو ہراساں کیا جارہا ہے
وزیراعظم وقت ضائع نہ کریں ،آپشننز محدود ہوتی جا رہی ہیں pic.twitter.com/1wq1uvpLYJ
— Omar Sarfraz Cheema (@OmarCheemaPTI) May 5, 2022
خط میں گورنر پنجاب نے آرمی چیف سے پنجاب کی موجودہ صورتحال میں کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف پنجاب میں آئینی فریم ورک پر عمل درآمد کیلئے کردار ادا کریں۔خط میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر عوامی اعتماد بحال کرنے کیلئے بھی کردار ادا کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل عمر سرفراز چیمہ کا وزیراعظم شہباز شریف کو لکھا گیا خط سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے کہا کہ کوئی طاقت مجھے آپ کے بیٹے کے غیر آئینی اقدامات کو روکنے سے منع نہیں کر سکتی، میں تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر آئین پاکستان کی حفاظت کروں گا۔