لاہور:عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں بہت بڑی کمی ،اطلاعات کے مطابق عالمی کساد بازاری کے خدشے کے پیش نظر انٹرنیشنل مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں آج10 ڈالر فی بیرل تک کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی (رائٹرز) کے مطابق منگل کو عالمی منڈی میں برطانوی کروڈ آئل (برینٹ) کی قیمت 10.77 ڈالر فی بیرل یعنی 9.5 فیصد کم ہوکر 102.73 ڈالر پر آگئی۔اس کے علاوہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 9.30 ڈالر یعنی 8.6 فیصد کم ہوکر 99.13 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
ماہرین کے مطابق تیل اور گیس کی قیمتوں میں ماضی قریب میں ہونے والے اضافے کی وجہ سے سرمایہ کاروں میں عالمی کساد بازاری کاخدشہ بڑھ گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق آج عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کی ایک اور وجہ ناروے میں آف شور ورکرز کی ہڑتال بھی ہے جس کے سبب تیل کی پیداوار میں 89 ہزار بیرل کمی متوقع ہے۔
پاکستان مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہےکہ اگر ملک کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ نہ ہوتا تو ہم پیٹرول کی قیمتیں کبھی نہ بڑھاتے، عوام کو تکلیفوں سے نجات دلانے کیلئے ہم اپنی جان لڑادیں گے۔
مویم نواز نے لاہور میں ضمنی الیکشن کے حلقے پی پی 158 میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت ایک ڈالر بھی کم ہوئی تو شہباز شریف اسی دن پیٹرول کی قیمت کم کردیں گے۔