لاہور:کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے کارروائی کر کے مختلف کالعدم تنظیموں کے6 مبینہ دہشت گرد گرفتار کر لیے۔ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے دہشت گردی کے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے رواں ہفتے صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں 14 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنزکیے جس میں 14 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کے دوران مختلف کالعدم تنظیموں کے6 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے اسلحہ‘ دھماکہ خیز و دیگر ممنوعی مواد برآمد کر لیا-

ترجمان نے کہاکہ گرفتار مشتبہ افراد کے قبضہ سے 1155 گرام دھماکہ خیز مواد‘ 24.6 فٹ حفاظتی فیوز‘ 4 ڈیٹونیٹرز،1 آئی ای ڈی بم،4 دستی بم، 36340 روپے نقدی‘کالعدم تنظیم کی ایک رسید بک‘ 1700 گرام چرس اور ایک 1 میچ باکس برآمد کر کے مقدمات درج کروا دیئے گئے ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ رواں ہفتے کے دوران مقامی پولیس اور سیکورٹی اداروں کی مدد سے669 کومبنگ آپریشنز کیے گئے‘ ان آپریشنز کے دوران25255 افراد کو چیک جبکہ63 مشتبہ افراد کو گرفتار56ایف آئی آر درج جبکہ29 بازیابیاں کی گئیں۔ترجمان نے مزید کہاکہ کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب پوری مستعدی سے محفوظ پنجاب کے اپنے ہدف پر عمل پیرا ہے اور دہشت گردوں اور ریاست دشمن عناصر کو سلاخوں کے پیچھے پہنچانے کی کوششوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی‘ دہشت گردی سے متعلق کسی بھی معلومات کی صورت میں کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی ہیلپ لائن 0800-11111 پر کال کریں۔

Shares: