پاکستان تحریک انصاف کے راہنما و ایم پی اے میاں محمد اسلم اقبال نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا پی ٹی آئی کی ممنوعہ فنڈنگ کے حوالے سے دیا گیا فیصلہ بد نیتی پر مبنی اور کسی کو خوش کرنے کے لئے ہے اور ہم اس فیصلے پر عدم اعتماد کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ چیف الیکشن کمشنر کو تبدیل کیا جائے اور ملک میں عام انتخابات کا اعلان کیا جائے تاکہ عوام کے مینڈیٹ سے جمہوری حکومت قائم ہو۔
عمران خان کی کرپشن مخالف مہم دراصل اپنی کرپشن چھپانے کیلیے تھی. بلاول زرداری
انہوں نے کہا کہ عوام سوال کرتے ہیں کہ کیا الیکشن کمیشن سندھ اور پنجاب میں اراکین اسمبلی کی خریدو فروخت کے لئے لگنے والی منڈیوں پر بھی ایکشن لے گا اور دیگر پارٹیوں کے ممنوعہ فنڈنگ کے فیصلے بھی کرے گا۔عوام کی منتخب حکومت کو رات کے اندھیرے میں بیرونی ایجنڈے کے تحت گرایا گیا،سندھ ہاؤس اور پنجاب کے ہوٹلوں میں منڈیاں لگائی گئیں۔ بیورورکریسی اور پولیس کو آلہ کار بنا کر لوگوں کے ضمیر خریدنے کی کوشش کی گئی۔ لیکن پنجاب کے عوام نے ضمنی انتخابات میں عمران خان کے بیانیے کو قبول کیا اور پی ڈی ایم کے بیانیے کو مسترد کر دیا۔
حکومتی اتحادی جماعتوں کا عمران خان کو نااہل قراردینےکیلئے ریفرنس دائرکرنےکا فیصلہ
میاں اسلم اقبال نے ڈاکٹر مراد راس کے ہمراہ ڈی جی پی آر آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کا تعصب پر مبنی فیصلہ قوم کے سامنے ہے اور اس فیصلے کے ذریعے اوور سیز پاکستانیوں کے کردار کو مشکوک بنانے کی کوشش کی گئی ہے حالانکہ اوورسیز پاکستانیز کی بھجوائی گئی ترسیلات زر کے ذریعے ہی ملک کے معاشی معاملات چلتے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف وفاق کی پارٹی ہے اور اس کی جڑیں ملک کی تمام اکائیوں میں موجود ہیں۔بد قسمتی سے الیکشن کمیشن کے تعصب پر مبنی فیصلے کے ذریعے وفاقی پارٹی کو الیکشنوں سے دور کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ عوام جانتے ہیں کہ الیکشن کمیشن پنجاب میں حمزہ شہباز اور مریم نواز سے گھروں میں جا کر ملتے رہے ہیں۔
عمران پاکستانی معیشت کو بدترین حالات میں پھینک کر اقتدار سے نکل گیا. احسن اقبال
میاں اسلم اقبال نے کہا کہ بیرونی ایجنڈے کا مقصد حکومت کا خاتمہ ہی نہیں بلکہ اداروں کو تباہ کرنا تھا۔ملک میں سیلاب نے تباہی مچا رکھی ہے، مہنگائی آسمانوں کو چھو رہی ہے اور حکمران عمران خان کے خلاف پریس کانفرنسوں پر لگے ہوئے ہیں۔حکمرانوں نے عوام کے خون پسینے کی کمائی سے بنائے گئے ادارے نیب کو ختم کر دیا۔باپ بیٹے پر فرد جرم لگنے جا رہی ہے لیکن فرد جرم لگنے والا شخص ملک کا وزیر اعظم بنا بیٹھا ہے۔دوسرا پنجاب کا جعلی وزیر اعلی بنا ہوا تھا۔عدالت آپ کو مستند چور اور سسلن مافیا قرار دے چکی ہے۔پی ٹی آئی کے بارے میں فارن فنڈنگ کی باتیں کرنے والے اسامہ بن لادن کی فارن فنڈنگ کو بھی یاد رکھیں جس کے بارے میں بے نظیر بھٹو نے کہا تھا مولانا فضل الرحمن لیبیا سے آنے والی فنڈنگ کو بھی نہ بھولیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عوام کے لئے بے مثال فلاحی اقدامات کئے۔ایک سوال کے جواب میں میاں اسلم اقبال نے کہا کہ ایک دو روز میں صوبائی کابینہ تشکیل پا جائے گی تو پھر عوام کی فلاح کے لئے مزید فیصلے کئے جائیں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پی ڈی ایم کی جماعتوں میں بھی انتخابات کے بارے میں آوازیں آ رہی ہیں لیکن وہ پہلے اپنے کیسسز ختم کروانا چاہتے ہیں۔اکتوبر میں عام انتخابات متوقع ہیں۔
ایم پی اے ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ الیکشن کمشنر نے ممنوعہ فنڈنگ کے حوالے سے متعصبانہ کردار ادا کیا۔ضمنی انتخابات میں غلط انتخابی فہرستوں کے باعث لوگوں کو مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر دھکے کھانے پڑے۔اگر یہ فہرستیں درست ہوتیں تو ووٹنگ کا تناسب 55 فیصد کی بجائے 75 فیصد ہوتا۔الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات میں بڑا ہاتھ کیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پی ڈی ایم کے گھر کی لونڈی بنا ہوا ہے ایسی حرکت کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔پی ڈی ایم والے عمران خان کے خلاف جتنی مرضی پریس کانفرنسیں کرتے رہیں یہ ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔ پی ڈی ایم عام آدمی کی فلاح اور ملک کی ترقی کے لئے نہیں آئے بلکہ یہ تو این آر او لینے کے لئے آئے ہیں۔ لٹیروں کا یہ اتحاد عام انتخابات سے خوفزدہ ہے پاکستان تحریک انصاف عام انتخابات میں دو تہائی سے بھی زیادہ اکثریت حاصل کرے گی۔