کراچی :فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سندھ نے سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن سندھ اسمبلی کو طلبی کا نوٹس جاری کردیا۔ دونوں کو پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی تحقیقات کیلئے قائم کی گئی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایف آئی اے سندھ زون ون کے ڈائریکٹر عبداللہ شیخ نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی تحقیقات کیلئے 5 رکنی کمیٹی قائم کردی۔ایف آئی اے کمیٹی کی سربراہ کمرشل بینکنگ سرکل کی ڈپٹی ڈائریکٹر رابعہ قریشی ہوں گی جبکہ دیگر اراکین میں اسسٹنٹ ڈائریکٹڑ رؤف شیخ، انسپکٹر سبین غوری، انسپکٹر آفتاب وٹو اور سب انسپکٹر راحت خان شامل ہیں۔
ایف آئی اے سندھ زون ون کے ڈائریکٹر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اکنامک کرائم ڈائریکٹر اسلام آباد نے ایک خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی اور افراد کی طرف سے بینک اکاؤنٹس کھولنے اور چلانے میں اختیار کی گئی بے ضابطگیوں کی الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حکم کی روشنی میں پیراگراف نمبر 4 اور پیراگراف نمبر 43 پر عملدرآمد کرتے ہوئے تحقیقات کی جائیں۔
ایف آئی اے کمیٹی کی جانب سے سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور پی ٹی آئی کی سابق رکن سندھ اسمبلی سیما ضیاء کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔ عمران اسماعیل کو 15 اگست جبکہ سیما ضیاء کو 12 اگست کو کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔
کمیٹی نے مشتبہ بینک ٹرانزکشنز کی تفصیلات جاننے کیلئے سیکیورٹی اینڈ ایکسچینجز کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور دو نجی بینکوں سے بھی رابطہ کیا ہے۔
اس سے قبل ایف آئی اے کی اور ایک کمیٹی نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور پی ٹی آئی رہنماء محمود الرشید کو بھی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں تحقیقات کیلئے 11 اگست کو طلب کر رکھا ہے۔ایف آئی اے نے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما محمود الرشید سمیت دیگر پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو طلب کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی ہدایت پر ایف آئی اے نے تحقیقات کا عمل شروع کر دیا ہے۔
ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ ادارے نے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما محمود الرشید کو 11 اگست، سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کو 15 اگست اور تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر سیما ضیا کو 12 اگست کو تحقیقات کے لیے طلب کیا ہے۔
ایف آئی اے نے پی ٹی آئی کی فنڈنگ کی تحقیقات کے لیے ٹیم تشکیل دے دی
ایف آئی اے نے نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے خلاف انکوائری کا دائرہ کار پورے ملک میں بڑھا دیا گیا ہے؛ مانیٹرنگ ٹیم کی سربراہی ڈائریکٹر ٹریننگ اطہر وحید کریں گے، ٹیم 5 ممبران پر مشتمل ہو گی اور یہ ٹیم پشاور، لاہور، کراچی، اسلام آباد، کوئٹہ اور فیصل آباد میں زونل انکوائری ٹیم سے کورڈنیشن کرے گی۔
نوٹیفیکیشن میں کہا گیا کہ انکوائریاں پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ 2002 کے تحت کی جائیں گی، ذونل کمیٹیاں تحریک انصاف کے اثاثوں کے حوالے سے بھی تفصیلات حاصل کریں گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے سندھ زون کی تحقیقات کے لیے بھی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
ایف آئی اے کی 5 رکنی تحقیقاتی ٹیم ڈپٹی ڈائریکٹر کمرشل بینک سرکل رابعہ قریشی کی سربراہی میں تشکیل دی گئی ہے جس میں میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر روف شیخ، انسپکٹر زسبین غوری، آفتاب وٹو، سب انسپکٹر راحت خان شامل ہیں۔
ایف آئی اے ٹیم کی جانب سے فنڈنگ کرنے والی کمپنیوں، افراد کے بینک اکاونٹس، مالی معاملات کی تفصیلات حاصل کی جائیں گی، ٹیم کی جانب سے ایس ای سی پی سمیت ایف بی آر سے بھی تفصیلات حاصل کی جائیں گی۔تحقیقاتی ٹیم میں حاصل ثبوت اور تفصیلات ہیڈ کوارٹرز کی قائم کردہ ٹیم سے شیئر کرے گی۔








