واشنگٹن :پاکستان اور امریکہ کے درمیان مضبوط تعلقات قائم ہیں ،اطلاعات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کا بہت سے شعبوں میں مضبوط تعاون پر مبنی تعلقات قائم ہیں۔

تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انتھونی جے بلنکن نے یوم آزادی پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ امریکہ کی طرف سے میں پاکستانی عوام کو ان کے 75 واں یوم آزادی کے موقع پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آزادی کے 75 سال کے ساتھ ساتھ اس سال پاکستان اور امریکہ کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال بھی منائے جا رہے ہیں،پاکستان اور امریکہ کا بہت سے شعبوں میں مضبوط تعاون پر مبنی تعلقات قائم ہیں۔

انتھونی جے بلنکن نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے دسیوں ہزار طلباء اور طالبات امریکہ میں زیر تعلیم ہیں ،امریکہ نے کوویڈ 19 سے بچاؤ کے لیے 77 ملین ویکسین کی خوراکیں پاکستان کو دی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ امریکہ بدستور پاکستان کا سب سے بڑا برآمدی شراکت دار ہے،مجھے یقین ہے کہ ہمارے تعلقات بڑھتے رہیں گے۔

امریکی وزیر خارجہ انتھونی جے بلنکن کا مزید کہنا تھا کہ جب ہم اپنے سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ منا رہے ہیں، آئیے ہم اگلے 75 سالوں اور اس سے آگے کے لیے اپنی شراکت کی تجدید اور مضبوطی کا عزم کریں، ہم آپ کو اس اہم سنگ میل پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور آپ کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہیں۔

دوسری طرف پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی پر پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے پاکستان میں امریکی مشن اور امریکی عوام کی جانب سے پاکستان کو یوم آزادی کی مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امریکی مشن اور امریکی عوام کی جانب سے ہم پاکستان کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہیں،گذشتہ 75 برسوں میں دونوں ممالک نے امریکی اور پاکستانی عوام کے درمیان ایک پائیدار شراکت داری اور مظبوط تعلقات قائم کئے۔

امریکی سفیر نے کہا کہ ہم نے ہزاروں پاکستانی ایکسچینج طلبہ کو امریکہ بھیجا، جو اب پاکستان میں 37 ہزار سبق طلبا پر مشتعمل ایلومنائی نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔

ڈونلڈ بلوم نے یہ بھی کہا کہ گذشتہ 2 برسوں میں ہم نے کوویڈ 19 کی موثر ترین ویکسین کی 77ملین خوراکیں عطیہ کی ہیں، ہمیں اس بات پرفخر ہے کہ اس تعلق نے ہم دونوں اقوام کے درمیان کاروباری اور معاشی بہبود کے تعلقات کو مظبوط کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکہ بدستور پاکستان کی سب سے بڑی برآمدہ منڈی ہے، گذشتہ مالی سال کے دوران پاکستان میں امریکی براہ راست سرمایہ کاری میں 50 فیصد اضافی ہوا اور یہ اس دہائی میں اب سب سے بلند شرح پر ہے۔

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا مزید کہنا تھا کہ تیزی سے بدلتی دنیا میں ہم درپیش ان تمام بڑے چلینجز سے نمٹنے کے لئے شانہ بشانہ مل کر کام کرتے رہیں گے

Shares: