کراچی: ملیر ندی میں ڈوبنے والی گاڑی مل گئی، لیکن اس میں سوار 7 افراد لا پتا ہیں لواحقین کے مطابق گاڑی میں ڈرائیور اور 4 بچوں سمیت 7 افراد سوار تھے۔
باغی ٹی وی : کراچی کے علاقے ملیر میں لنک روڈ پر ندی میں ڈوبنے والی سفید رنگ کی کار ریسکیو نے تلاش کر لی لیکن گاڑی میں کسی شخص کی لاش موجود نہیں تھی گزشتہ رات ہونے والی بارش کے بعد ایم نائن لنک روڈ پر ملیر ندی کا سیلابی پانی آ گیا تھا سیلابی پانی کو پار کرنے کے دوران گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ کر ندی میں جا گری تھی۔
ریسکیو حکام کے مطابق کار میں میاں بیوی اور ان کے 4 بچوں سمیت ڈرائیور بھی سوار تھا، کار سوار افراد کی لاشیں پانی کے بہاؤ سے آگے بہہ گئی ہوں گی، جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے-
واقعے کو تقریباً 12 گھنٹے ہو چکے ہیں، آدھی رات کو اندھیرے کے باعث ریسکیو آپریشن روک دیا گیا تھا، صبح ہوتے ہی آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا، اور اس دوران ط گاڑی تو مل گئی لیکن اندر کوئی موجود نہیں تھا۔
ایدھی ذرائع کے مطابق گاڑی میں سوار خاندان کا تعلق حیدر آباد سے ہے کراچی سے حیدر آباد جا رہے تھے۔
لنک روڈ پر حادثے کا شکار ہونے والی مذکورہ کار کے ڈرائیور کے بھائی حافظ عبدالحئی نے کہا کہ میرا بھائی حیدر آباد آ رہا تھا کہ ایک فیملی نے کہا کہ ہمیں بھی لے جائیں قائد آباد سے میاں بیوی اور ان کے 4 بچوں کو لے کر بھائی حیدر آباد آ رہا تھا، تاہم شام 6 بجے کے بعد بھائی سے دوبارہ رابطہ نہیں ہوا۔
دوسری جانب ملیر ندی میں پانی کی سطح کم ہونے کے بعد ایم نائن لنک روڈ پر ٹریفک بحال کر دیا گیا ہے سپر ہائی وے سے نیشنل ہائی وے تک ہیوی ٹریفک کی آمد و رفت بحال ہو گئی ہے کئی گھنٹے سڑک بند ہونے کے باعث لنک روڈ پر ٹریفک کا دباؤ ہے۔
ادھر کراچی میں جاری حالیہ بارشوں کے باعث کورنگی کاز وے اور کراسنگ روڈ پر سیلابی صورت حال ہے، ایک بڑا ریلا روڈ پر گزر رہا ہے، جس سے قریبی آبادی مہران ٹاؤن میں پانی داخل ہونے کا خدشہ ہے۔
ٹریفک پولیس نے کورنگی کازوے اور کراسنگ مکمل طور پر ٹریفک کے لیے بند کر دیے ہیں، جب کہ مہران ٹاؤن میں حفاظتی اقدامات کے لیے انتظامیہ سے رابطہ کیا گیا ہے۔








