بھارت میں بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی لیڈر مایاوتی نے کہا کہ بی جے پی کی حمایت میں غیر متوقع نتائج کو مشکوک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نتائج ملک کے عوام کے گلے سے نہیں اتر رہے ہیں اور وقت آنے پر عوام اس کا بدلہ ضرور لیں گے۔
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مایاوتی نے کہا کہ الکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) شروع سے ہی شک کے دائرے میں تھی لیکن اس بارے میں اپوزیشن کی دلیلوں کو الیکشن کمیشن نے نظر انداز کر دیا۔ حقیقت یہ ہے کہ منصوبہ بند طریقے سے اترپردیش کی کچھ سیٹوں پر ان کی پارٹی کے امیدواروں کو جتایا گیا تاکہ بی جے پی کی جیت پر کسی کو شبہ نہ ہو۔ بھارتی عوام آسانی سے ہار ماننے والے نہیں ہیں وقت آنے پر وہ سود سمیت اس کا بدلہ لیںگے۔
سماج وادی پارٹی اور راشٹریہ لوک دل کے ساتھ اتحاد برقرار رکھنے کی وکالت کرتے ہوئے بی ایس پی لیڈر نے کہا کہ وہ اکھلیش یادو اور چودھری اجیت سنگھ کی شکر گزار ہیں کہ جنہوں نے پوری محنت کے ساتھ اتحاد نبھایا۔
یاد رہے کہ بھارت میں اپوزیشن میںشامل دیگر سیاسی جماعتیں بھی حالیہ الیکشن کو مشکوک قرار دے رہی ہیں اور الیکٹرونک ووٹنگ مشینوںکو مودی کے الیکشن جیتنے کا سبب قرار دے رہی ہیں.