یو اے ای کے وزیرشیخ نہیان بن مبارک کا سیلاب متاثرین کیلئے 10 ملین ڈالردینے کا اعلان

متحدہ عرب امارات (یواے ای) کے وزیر کلچر، نوجوانان اور سماجی ترقی شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان نے سیلاب متاثرین کے لئے 10 ملین ڈالر کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔

یواے ای کے وزیر کلچر، نوجوانان اورسماجی ترقی شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لئے بڑی مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔شیخ نہیان بن مبارک پاکستان میں سیلاب زدگان کے لئے 10 ملین ڈالرز دیں گے۔ سیلاب متاثرین کے لئے انفرادی طورپر دیا جانے والا یہ اب تک سب سے بڑا عطیہ ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے سیلاب متاثرین کی فراخ دلانہ مدد پرشیخ نہیان بن مبارک آل نہیان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے شیخ نہیان بن مبارک کے نام پیغام میں کہا کہ یہ عطیہ آپ کی پاکستانی عوام سے بے لوث محبت اور انسانیت کے لئے دردمندی کا ثبوت ہے۔ پاکستان کی حکومت اور عوام آپ کے ایثار کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ اس امداد سے سیلاب متاثرین کے ریسکیو، ریلیف اور بحالی میں بڑی مدد ملے گی۔ پاکستانی عوام سے آپ کی محبت دونوں ممالک کے برادرانہ تعلق کی تاریخ کا سنہری باب ہے۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات سے امدادی پروازوں کی آمد جاری ہے۔ اس سلسلے میں سیلاب متاثرین کے لیے امدادی اشیا لے کر مزید 2 پروازیں کراچی پہنچ گئی ہیں۔

رپورٹس مطابق متحدہ عرب امارات سے دسویں اور گیارہویں انسانی امدادی پروازیں کراچی پہنچ گئیں۔ واضح رہے کہ یو اے ای ائرفورس کے طیارے اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کا سامان لے کر کراچی پہنچے ہیں۔ اماراتی سفارتخانے، این ڈی ایم اے کے نمائندے اور پاک آرمی 5 کور کے ایک افسر نے ائرپورٹ پر طیاروں کو خوش آمدید کہا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وزارت دفاع کی جوائنٹ آپریشنز کمانڈ متحدہ عرب امارات کی جانب سے دوسرا امدادی طیارہ بجھوانے کے ساتھ پاکستان میں انسانی بنیادوں پراپنی کارروائیاں جاری رکھنے کا کہا تھا۔ امداد کی دوسری کھیپ میں پاکستان سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے مزید امدادی سامان، پناہ گاہوں کا سامان، انسانی امداد، خوراک اور ادویات شامل تھا.

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارت نے ہمیشہ پاکستان کی بڑھ چڑھ کر مدد کی ہے لہذا اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی جانب سے اس سے قبل بھی سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان بھیجوایا گیا تھا اور یو اے ای نے سیلابی صورتحال میں پاکستان کو تنہاء نہیں چھوڑا ہے.

پاکستان موسلا دھار بارشوں اور سیلاب کے باعث لاکھوں مکان تباہ اور لوگ بے گھر ہوگئے ہیں جب کہ سیکڑوں کی اموات ہوچکی ہے۔ سیلاب زدگان کی بحالی اور ریلیف کےلیے وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی برادری سے امداد کی اپیل کی تھی جس پر متحدہ عرب امارات نے امدادی سامان کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچائی گئی تھی جسے وفاقی وزیر برائے مںصوبہ بندی احسن اقبال نے نور خان ایئربیس پر وصول کیا تھا، گزشتہ امداد میں میں خیمے، خوراک، ادویات اور دیگر اشیاء ضرویہ شامل تھیں جبکہ یو اے ای کی طرف سے مزید امدادی سامان 15 طیاروں کے ذریعے آئندہ چند دنوں میں پاکستان پہنچایا جانے کا بھی کہا گیا تھا.

Comments are closed.