این ایف آر سی سی کا اجلاس: سیلاب کی تازہ ترین صورتحال زیر بحث
نیشنل فلڈ ریسپانس کوآرڈینیشن سنٹر کا آج باقاعدہ اجلاس ڈپٹی چیئرمین احسن اقبال اور میجر جنرل محمد ظفر اقبال کی زیر صدارت ہوا۔
فورم کو بالترتیب این ایچ اے اور ریلوے کی وزارتوں کی طرف سے مواصلاتی انفراسٹرکچر اور ریلوے کی بحالی کے ساتھ ساتھ سیلاب کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا گیا ہے.
فورم کو وفاقی وزیر صحت کی جانب سے نیشنل ہیلتھ ریسپانس پروگرام کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا ہے اور نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے امدادی تقسیم کی تازہ ترین صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اور تقسیم کا طریقہ کار بھی بتایا گیا. احسن اقبال نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی کہ وہ اس سلسلے میں چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے پہلی ترجیح وبائی امراض پر مرکوز کرتے ہوئے بحالی کے عمل کو تیز کریں۔ تاکہ لوگوں بچایا جاسکے.
دوسری جانب این ایف آر سی سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 18 پروازیں چلائی گئیں جن میں 87 افراد کو بچایا گیا، ہیلی کاپٹرز سے 32.88 ٹن امدادی سامان سیلاب متاثرین تک پہنچایا گیا، اب تک ہیلی کاپٹرز کے ذریعے 4 ہزار 570 سیلاب میں گھرے افراد کا انخلاء کیا گیا ہے،جبکہ ریلیف کیمپس اور امدادی اشیاء جمع کرنے کے پوائنٹس مکمل فعال ہیں۔ سندھ، جنوبی پنجاب، بلوچستان سمیت ملک میں 147 ریلیف کیمپس اور 278 امدادی اشیاء کلیکشن پوائنٹس قائم ہیں۔
نیشنل فلڈ ریسپانس کوآرڈی نیشن سینٹر کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اب تک 8 ہزار 281 ٹن اشیائے خورونوش، غذائی اشیاء اکٹھی کی جا چکیں، جمع کردہ اشیاء میں ایک ہزار 207 ٹن دیگر ضروری اشیاء، 74 لاکھ 3 ہزار 538 ادویات جمع ہوئی ہیں۔ اب تک 7 ہزار 940 ٹن خوراک، 1148 ٹن دیگر ضروری اشیاء تقسیم کی گئیں، جبکہ 72 لاکھ 19 ہزار 698 ادویات تقسیم کی جا چکی ہیں۔