تلہ گنگ – سرکاری سکولوں کے طلباء و طالبات کتابوں سے محروم ، تعلیمی سال ضائع ہونے کاخدشہ

تحصیل تلہ گنگ کے سرکاری سکولوں میں بچوں کو درسی کتب تاحال نہ مل سکیں، بچوں کا تعلیمی سال متاثر ہونے کا خدشہ
باغی ٹی : تلہ گنگ (نامہ نگار) محکمہ تعلیم پنجاب کی غفلت اور لاپرواہی کی انتہاء تحصیل تلہ گنگ کے سرکاری سکولوں کے بچوں کو تا حال درسی کتب نہ مل سکیں، درسی کتب کی تقسیم میں مار دھاڑ اور بندر بانٹ کا بھی انکشاف، تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شعبہ تعلیم صرف بیانات کی حد تک تو نظر آتا ہے لیکن عملی طور پر حکومتوں کے ویژن میں شعبہ تعلیم نہیں ہے جس کی واضح مثال اس طرح ملتی ہے کہ تعلیمی سال شروع ہو چکا ہے لیکن ابھی تک بچوں کو کتابیں فراہم نہ کی جاسکی، جبکہ یکساں نصاب تعلیم کی وجہ سے پرائیویٹ سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کے والدین پر دوہرا بوجھ پڑا ہے اور انہیں چار ماہ کے دوران دو دفعہ درسی کتب مارکیٹ سے خریدنا پڑی ہیں۔ سرکاری سکولوں میں بچوں کو کتابیں دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے ان کا تعلیمی سال متاثر ہونے کا شدید خدشہ ہے، یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ سرکاری سکولوں کے اساتذہ بکس بینک کے بار بار چکر لگا چکے ہیں لیکن وہاں موجود عملہ مٹھی گرم نہ ہونے کی وجہ سے انہیں کتابیں فراہم نہیں کر رہا اور مٹھی گرم ہونے پر عملہ فوری طور پر کتابیں مہیا کر رہا ہے، تاہم ہر دو معاملات میں بچوں کا تعلیمی نقصان ہو رہا ہے، والدین نے وزیرِ تعلیم پنجاب اور ڈپٹی کمشنر چکوال ڈاکٹر ذیشان حنیف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس امر کا فوری طور پر نوٹس لے کر بچوں کو درسی کتب کی فراہمی یقینی بنائیں۔

Leave a reply