وفاقی حکومت کسانوں کے ساتھ کمیٹی کمیٹی کھیل رہی ہے۔ عمر سرفراز چیمہ
مشیرِ اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے پڑھے لکھے جاہل درباری ترجمانوں کا ٹولہ آئے روز میڈیا پر جھوٹا واویلا مچا کر پوری پاکستانی قوم کے عقل و شعور کی تضحیک اور تذلیل کرنا بند کرے۔ یہ پتھر کا زمانہ نہیں، انفارمیشن کا دور ہے اور قوم کا بچہ بچہ جانتا ہے گذشتہ چار ماہ میں پی ڈی ایم ٹولے نے صرف اپنے کیسز معاف کروائے، جبکہ عوام کو ایک دھیلے کا ریلیف نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ زرداری کو سڑکوں پر گھسیٹنے کے دعوے دار شہباز شریف آج ساری عوام کو سڑکوں پر گھسیٹ رہے ہیں۔

وزیر مواصلات پنجاب علی افضل ساہی نے کہا ہے کہ عمران خان کی وزارت عظمیٰ کے دور میں معاشی شرح نمو 5.97 فیصد تھی جسے وفاقی حکومت 0.6 فیصد پر گھسیٹ لائی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مشیرِ اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ اور وزیر کمیونیکیشن اینڈ ورکس علی افضل ساہی نے ڈی جی پی آر آفس میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ دنیا بھر کے معاشی تجزیہ نگار پی ڈی ایم ٹولہ کی جانب سے لائی گئی سیاسی تباہی کو معاشی عدم استحکام کی وجہ قرار دے رہے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ عمران خان چالیس سالوں کی معاشی تفصیلات دینے پر سپریم کورٹ سے صادق اور امین قرار پائے، جبکہ نواز شریف بارہا اپنے معاشی معاملات کے ثبوت دینے کا دعویٰ کر کے جھوٹی میڈیکل رپورٹس پر بے شرمی اور ڈھٹائی سے لندن فرار ہو گئے۔ مشیرِ اطلاعات پنجاب نے مزید کہا ہمیں توقع تھی کہ چار ماہ کی معاشی تباہی ڈھانے کے بعد وفاقی حکومت کم از کم قوم سے معافی مانگ لے گی، لیکن یہ مہنگائی کا پھندہ عوام کے گلے میں ڈال کر اپنی رقوم منی لانڈرنگ کے ذریعے باہر بھجوا رہے ہیں۔

وزیرخارجہ بلاول  کیمیٹا کے عالمی امور کے صدر نک کلیگ سے ملاقات

بلاول نے اپنی وزارت کی جانب سے دیا سیلاب متاثرین کیلئے ڈیڑھ کروڑ کا چیک

اس موقع پر وزیر کمیونیکیشن اینڈ ورکس علی افضل ساہی نے کہا کہ ہمارے دور میں فیصل آباد میں دو لاکھ ورکرز کی کمی تھی، آج صورتحال اس کے برعکس ہے۔ وفاقی حکومت نے آپٹما کو مذاکرات کا لالی پاپ دیا ہوا ہے، اور کسانوں کے ساتھ کمیٹی کمیٹی کھیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 75 رکنی وفاقی کابینہ میں 25 وزراء کے پاس کوئی محکمہ نہیں۔ اس وقت پاکستان کا ایک تہائی حصہ سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے، اور ملکی حالات مزید خراب ہو رہے ہیں۔ علی افضل ساہی نے کہا کہ شفاف الیکشن ہی سیاسی اور معاشی عدم استحکام کا واحد حل ہیں۔

Shares: