وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نےپاکستان ریلویزکے حکام کو ہدایت کی کہ عید الفطر کے پیش نظر ملازمین کی پنشن اور تنخواہیں 18 اپریل تک ادا کی جائیں۔اتوار کو یہاں جاری ایک بیان میں وفاقی وزیر ریلویز و ہوا بازی نے اسلام آباد سے کراچی کے درمیان چلنے والی گرین لائن ٹرین میں افطار کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر پاکستان ریلوے کے شعبہ لوکو شیڈ کے ملازمین کا 10روز سے جاری احتجاج کے باعث ٹرین شیڈول شدید متاثر ہوگیا تھا جبکہ ہزاروں مسافر روزے کی حالت میں گھنٹوں انتظار کرنے پر مجبور ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ کراچی میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی پرریلوے کے لوکوشیڈملازمین کے احتجاج اورکام چھوڑہڑتال کے باعث کراچی سے اندرون ملک روانہ ہونے والی کئی مسافر ٹرینیں گھنٹوں تاخیرکا شکار ہوگئیں۔ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اندرون ملک روانہ ہونے والی کئی ٹرینوں کے لیے لوکو شیڈ ملازمین نے انجن تیارنہیں کیے جس کی وجہ سے ٹرینوں کی اندرون ملک روانگی میں 4 گھنٹے سے زائد تاخیرہوئی۔

علاوہ ازیں ریلوے مظاہرین نے کہا تھا کہ اگر چند روز میں ہمارے مطالبات کی منظوری نہیں دی گئی تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کردیا جائے گا،ترجمان پاکستان ریلویز کے مطابق کراچی اور لاہور کے درمیان چلنے پاک بزنس ایکسپریس کو کراچی ایکسپریس میں ضم کردیا گیا ہے۔ مسافر کراچی کینٹ اسٹیشن پر ریزرویشن آفس میں رابطہ کریں،دوسری جانب ٹرینوں کی تاخیر کے سبب کراچی کینٹ ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کی بڑی تعداد پریشانی کا شکار ہوگئے۔ ملتان جانے والی مسافر خاتون طاہرہ نے بتایا کہ 12 بجے سے انتظار کر رہے ہیں 2 بجے کا کہا اب 3 بج رہے ہیں مگر ٹرین کی آمد متوقع بھی نہیں۔

Shares: