ڈالر 290 سے نیچے آگیا

ڈالرسستا ہونے سے اشیاء ضروریہ بھی سستی ہو گئیں
0
55
dollar

ملکی تبادلہ منڈیوں میں روپے کے مقابلے ڈالر مسلسل 15ویں کاروباری روز سستا ہوگیا ہے اور کاروباری ہفتے کے دوسرے روز کی ابتداء پر ایک روپے 26 پیسے کمی کے بعد ڈالر کی خرید و فروخت 289 روپے 60 پیسے میں جاری ہوئی جبکہ کرنسی ڈیلرز کے مطابق اوپن مارکیٹ میں منگل کے روز ڈالر ایک روپے سستا ہوا ہے جس کے بعد امریکی کرنسی کی قیمت خرید 289 اور قیمت فروخت 292 روپے میں جاری ہے۔

تاہم واضح رہے کہ گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 90 پیسے کمی سے 290 روپے 86 پیسے ریکارڈ کی گئی تھی اور اوپن مارکیٹ میں بھی روپے کی قدر میں بہتری ریکارڈ کی گئی تھی، ڈالر کے مقابلے روپے کی قیمت خرید اور فروخت 50 پیسے اضافے کے بعد بالترتیب 290 اور 293 پر بند ہوئی تھی۔
جبکہ دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں بھی آج کاروبار میں تیزی رجحان جاری ہے، پی ایس ایکس 100 انڈیکس ٹریڈنگ کے پہلے سیشن میں 78 پوائنٹس اضافے کے بعد 46 ہزار 472 پر پہنچ گیا ہے، 100 انڈیکس گزشتہ روز 46 ہزار 393 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

دوسری جانب انٹربینک اوراوپن مارکیٹ میں ڈالرکی مسلسل گراوٹ سےاشیاخوردونوش کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی آنا شروع ہو گئی اور جن اشیا کی قیمت میں نمایاں کمی ہوئی ان میں مختلف برانڈ کے گھی شامل ہیں، صوفی برانڈ کے مشہور گھی کی قیمت میں 35 روپے فی کلو گرام تک کی دیکھی گئی ہے۔ جس کی فی کلو قیمت 510 روپے ہوا کرتی تھی جو اب 475 روپے تک آگئی ہے،جبکہ دوسرے کئی برانڈ کے گھی کی قیمت میں بھی 20 روپے تک کمی ہوئی ہے۔

اسی طرح چینی جو 200 روپے فی کلوگرام فروخت ہوتی رہی ہے مگر گزشتہ ایک ہفتے سے زائد عرصے کے دوران چینی 155 روپے سے 180 روپے فی کلو گرام تک مارکیٹ میں مل رہی ہے۔ آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 2800 روپے اور کہیں 2850 روپے تک بکتا رہا اب 2700 روپے سے 2750 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔

Leave a reply