ڈیرہ غازی خان: ڈپٹی کمشنر محمدعثمان خالد کا چارج سنبھالتے ہی شہر کا دورہ، فیلڈ وزٹس کا آغاز

ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرجواد اکبر ) ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے چارج سنبھالتے ہی شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا اور فیلڈ وزٹس کا آغاز کر دیا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کمپلیکس، ٹیچنگ ہسپتال، کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ، ہسپتال چوک اور دیگر مقامات کا جائزہ لیا۔ اس دوران متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے ڈی سی کمپلیکس میں افسران اور ملازمین کی حاضری چیک کرتے ہوئے کہا کہ تمام سرکاری ملازمین اور افسران کو ڈیوٹی کے اوقات کی سختی سے پابندی کرنی ہوگی، غیر حاضری برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ٹیچنگ ہسپتال کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے او پی ڈی، ایمرجنسی، ٹراما سینٹر اور دیگر شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کی تیمارداری کی اور ان کے لواحقین سے فراہم کردہ سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے ہسپتال کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کے مسائل بھی سنے اور انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ صحت ان کا ذاتی شعبہ رہا ہے اور ٹیچنگ ہسپتال کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مریضوں اور لواحقین کے ساتھ مشفقانہ رویہ اپنانا ضروری ہے جبکہ سینٹری ورکرز کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے اور سکیورٹی معاملات میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے ہسپتال کی پارکنگ اور کینٹین میں اوور چارجنگ کی سختی سے ممانعت کی اور کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ میں شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔

ڈپٹی کمشنر نے سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس کا بھی دورہ کیا اور وہاں بچوں، اساتذہ اور سٹاف سے ملاقات کی۔ انہوں نے ادارے کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیا اور ان کے مسائل دریافت کیے۔

ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے شہر کے مختلف مقامات کا بھی معائنہ کیا اور ہسپتال چوک پر سیوریج اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ لی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت اور سیوریج کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ خاص طور پر ڈیرہ غازی خان شہر میں سیوریج کا مسئلہ سنگین ہے اور اس کے حل کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ وزٹ کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ عوام کو صحت کے بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں اور شہر کے دیگر مسائل کو بھی حل کیا جا سکے۔

Comments are closed.