سیالکوٹ: شکیلہ آرتھر کی دیوالی تقریب میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی یقین دہانی

سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) پاکستان مسلم لیگ ن کی رکن صوبائی اسمبلی شکیلہ آرتھر نے دیوالی کے موقع پر ہندو فیملیز میں رقوم کی تقسیم کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا قابل تحسین عمل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے واضح طور پر پیغام دیا ہے کہ اگر اقلیتوں کے ساتھ ظلم و زیادتی ہوئی تو مریم نواز اور ان کی حکومت مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہوگی۔

انہوں نے یہ بات جگت ناتھ مندر، پیرس روڈ سیالکوٹ میں 40 ہندو خاندانوں میں 15 ہزار روپے فی کس کی تقسیم اور سماجی تنظیموں کی جانب سے سوٹس اور کیک کی تقسیم کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ شکیلہ آرتھر نے کہا کہ اقلیتیں اپنے آپ کو پاکستان میں محفوظ اور آزاد محسوس کر رہی ہیں، یہی وجہ ہے کہ ہم سب بلا تفریق و امتیاز دیوالی کی تقریب میں شریک ہیں۔ انہوں نے دیوالی کو امن، آشتی اور محبت کا چراغ قرار دیا۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے راہنما خواجہ سلطان ٹیپو، اے سی ہیڈ کوارٹر محمد افضل سیکھیرا، ہندو کمیونٹی کے رہنما شادی لال، رتن لال بھگت، سماجی رہنما اشفاق نذر، میاں فیصل شہزاد، جسکرن سنگھ، اور ارشد پوری بھی موجود تھے۔

اے سی ہیڈ کوارٹر محمد افضل سیکھیرا نے کہا کہ آئین پاکستان تمام مذاہب کو اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کا حق دیتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت پنجاب اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنا رہی ہے اور دیوالی کے چراغ کو محبت اور روشنی کا علامت قرار دیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بیساکھی، گرو جنم دن، ہولی، دیوالی، کرسمس یا ایسٹر ہم ہمیشہ اقلیتوں کے ساتھ مل کر منائیں گے۔

Comments are closed.