اوچ شریف: ٹیکس ناکوں پر اورچارجنگ، عملے کی غنڈہ گردی کی ویڈیو وائرل

اوچ شریف (نامہ نگار: حبیب خان) شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر قائم ٹیکس ناکوں نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی۔ عملے کی بدتمیزی، غنڈہ گردی، اور اوورچارجنگ معمول بن چکی ہے جبکہ مقامی انتظامیہ بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

حالیہ دنوں میں ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، جس میں ایک شہری کو اپنی فیملی کے ساتھ عملے کی بدتمیزی اور تشدد کا سامنا کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ بستی نوناری کے شہری وقاص نے دعویٰ کیا کہ دگنا چارج نہ دینے پر اسے زدوکوب کیا گیا اور اس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل کر دی گئی۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ان ناکوں پر تعینات عملہ نہ صرف اوورچارجنگ کرتا ہے بلکہ عزت نفس کو مجروح کرنے سے بھی باز نہیں آتا۔ اس غیر انسانی سلوک کے باعث لڑائی جھگڑے اور گالم گلوچ معمول بن چکے ہیں۔

وقاص سمیت دیگر متاثرہ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر ان ٹیکس ناکوں پر کارروائی کرتے ہوئے عوام کو ان مشکلات سے نجات دلائی جائے اور ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر انتظامیہ نے بروقت ایکشن نہ لیا تو یہ مسئلہ مزید سنگین صورت اختیار کر سکتا ہے۔

Comments are closed.