عالمی فوجداری عدالت ،افغان طالبان رہنماؤں کی گرفتاری کی درخواست

دی ہیگ: عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کے پراسیکیوٹر کریم خان نے افغان طالبان کے اہم رہنماؤں، سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخوندزادہ اور افغان چیف جسٹس عبدالحکیم حقانی کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق، پراسیکیوٹر کریم خان نے دونوں رہنماؤں کے خلاف ایک سنگین درخواست دی ہے جس میں ان پر خواتین اور لڑکیوں پر مظالم کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ ان الزامات کے تحت دونوں رہنماؤں کو صنفی بنیادوں پر انسانیت کے خلاف جرائم میں ملوث قرار دیا گیا ہے۔پراسیکیوٹر نے کہا کہ ان کے پاس ان رہنماؤں کے خلاف معقول وجوہات موجود ہیں کہ وہ افغان خواتین اور لڑکیوں پر ہونے والے مظالم کے ذمہ دار ہیں، اور ان پر یہ الزام ہے کہ انہوں نے ان مظالم کو فروغ دیا۔

یہ درخواست اس وقت آئی ہے جب طالبان حکومت کے زیر اثر افغانستان میں خواتین کے حقوق کی خلاف ورزیاں اور ان پر ظلم و ستم میں اضافہ ہو رہا ہے۔ آئی سی سی نے اس سے پہلے بھی افغانستان میں انسانیت کے خلاف جرائم پر تحقیقات شروع کی تھیں اور اب یہ نیا اقدام اس بات کو مزید تقویت دیتا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر افغان خواتین کے حقوق کے معاملے کو اہمیت دی جا رہی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق، آئی سی سی کی طرف سے گرفتاری کے وارنٹ کی درخواست کے بعد طالبان کی جانب سے ابھی تک کسی قسم کا کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔یہ پیشرفت افغانستان میں طالبان کی حکومت کے تحت خواتین کی حالت زار اور عالمی برادری کے ردعمل کا سنگین مسئلہ بنتی جا رہی ہے۔ بین الاقوامی سطح پر انسانی حقوق کے گروپ اور اقوام متحدہ مسلسل افغانستان میں خواتین کے حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کر رہے ہیں۔

سپریم کورٹ ، ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل نے توہین عدالت کا شوکاز نوٹس چیلنج کر دیا

قدیم چولستان : سرائیکی تہذیب کے منفرد رنگ

Comments are closed.