حیدرآباد۔(اے پی پی)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرضیاء القیوم نے کہا ہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ڈگری کی حیثیت وہی ہے جو دیگر جامعات کی ہے اس کا نظام کمپیوٹرائز کردیا گیا ہے،ٹی وی چینل کے بجائے ہم تدریس کے لیے موبائل ایپلیکشن سسٹم پر کام کررہے ہیں،سندھ سمیت ملک کے پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں اوپن یونیورسٹی کے ریجنل سینٹرز قائم کئے جارہے ہیں جلد ہی مورو اور مٹھی میں سینٹرز قائم کردئیے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں سینئر صحافیوں سے ظہرانے کے موقع پر غیر رسمی گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔ اس موقع پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ریجنل سروسز انعام اللہ شیخ اور دیگر معززین بھی موجو د تھے۔پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہاکہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی اسناد یا ڈگری کی حیثیت وہی ہے جو دیگر جامعات کی ہے۔اسے بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بنیادی طور پر اسکے قیام کا مقصد دور دراز اور پسماندہ علاقوں کو فائدہ پہنچانے اور ایسے طلبہ وطالبات کو اپنے نوکریوں میں مصروف ہوتے ہیں یا کسی وجہ سے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے یونیورسٹی نہیں جاسکتے انہیں گھر بیٹھے تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کرنا تھا انہوں نے کہاکہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے دروازے کسی لیے بند نہیں ہونا چاہئیں انہوں نے کہاکہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ہر سال 14لاکھ افراد داخلہ لیتے ہیں جن کو35ہزار اساتذہ تعلیم و تدریس کا فریضہ انجام دے رہے ہیں انہوں نے کہاکہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا نظام تقریباً کمپیوٹرائز کردیا گیا ہے اس میں 70فیصد کام مکمل ہوچکا ہے مزید بھی جلد مکمل ہوجائے گا جس پر 600ملین روپے لاگت آئے گی انہوں نے کہاکہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے درس و تدریس کے لیے ٹی وی چینل کے لیے درخواست متعلقہ ادارے کو دی ہوئی ہے تاہم میرے خیال میں اس سے زیادہ اہم واٹس ایپ کے زریعے سستا اور سہل طریقہ سے ہوسکتا ہے ہم واٹس ایپ موبائل ایپلیکیشن سسٹم پر تیزی سے کام کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم60کروڑ روپے کی لاگت سے سکھر،مورو، مٹھی میں علاقائی سینٹرز قائم کررہے ہیں ان پر تعمیراتی کام جاری ہے جبکہ ملیر کراچی میں ایک ماڈل سینٹر قائم کیا جارہا ہے انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی کسی قسم کے مالی بحران کا شکار نہیں ہے ہمارے پاس انڈونمنٹ فنڈز ہیں ہم نے رواں سال ملک بھر میں پونے2ارب روپے کے ترقیاتی کام کرائے ہیں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ڈائریکٹر جنرل اور ڈائریکٹر ریجنل سروسز انعام اللہ شیخ نے کہاکہ سندھ کے علاقوں مورو، مٹھی اور ملیر میں 40سال سے جو کام التواء کا شکار تھا وہ اب مکمل ہورہا ہے جلد ہی مورو اور مٹھی کے ریجنل سینٹرز کام شروع کردیں گے۔

Shares: