چیئرمین نیب مبینہ ویڈیو سکینڈل، ادارے کی ساکھ مجروح ہوئی، پیمرا نے نیوز ون کو 10 لاکھ روپے جرمانہ کر دیا
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے نیوز ون چینل کو 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے. نیوز ون نے چیئرمین نیب مبینہ سکینڈل کی ویڈیو نشر کی تھی.
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ چینل نیوز ون نے 23 مئی 2019 کو چیئرمین نیب کی کردار کشی پر مبنی مواد نشر کرکے ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچایا جس پر نیوز ون چینل کو 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جاتا ہے.
واضح رہے کہ نیوز ون نے 23 مئی کو بعض ویڈیوز اور ایک ٹیلی فون کال کی ریکارڈنگ نشر کی تھی اور دعویٰ کیا گیا تھا کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال مبینہ طور پر ایک خاتون کو ہراساں کر رہے ہیں۔ اس ویڈیو کے بعد نیب کی جانب سے جب وضاحت کی گئی تو نیوز ون نے اپنی خبر پر معافی مانگ لی تھی تاہم یہ معاملہ سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہوا. نیوز ون کی اس خبر کے بعد بعد ازاں وہ خاتون بھی سامنے آگئی جس نے چیئرمین نیب کی ویڈیوز ریکارڈ کی تھیں. مذکورہ خاتون کی شناخت طیبہ فاروق کے نام سے ہوئی جس کے بارے میں نیب نے بتایا کہ ان کے خلاف مختلف شہروں میں 42 مقدمات درج ہیں۔
نیوز ون کی اس خبر کے بعد مختلف جماعتوں اور شخصیات کی جانب سے نیب سے متعلق سخت بیانات دیے گئے اور چیئرمین نیب کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا. سوشل میڈیا پر خاص طور پر اس معاملہ کو بہت زیادہ اچھالا گیا.