لاہور۔(اے پی پی)پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین نے مطالبہ کیا ہے کہ تاجر برادری کی اہمیت کا احساس کرتے ہوئے حکومت ان کی پیش کردہ تجاویز کو ملک کی معاشی و تجارتی پالیسی ساز ی میں شامل کرے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ تاجروں کے جائز مطالبات کو تسلیم کیا جائے۔ خادم حسین نے کہا کہ کاٹیج انڈسٹری کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہے کیونکہ یہ نہ صرف لوگوں کے لیے روزگار بلکہ مینوفیکچرنگ کے شعبے کے فروغ کا بھی ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ کاٹیج انڈسٹری کو خاص اہمیت دیکر دیہی علاقوں میں ا س کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھائے اس سے وہاں غربت کا خاتمہ اور شہری علاقوں کی طرف ہجرت کے رجحان میں کمی آئے گی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ شناختی کارڈ کی لازمی شرط کا خاتمہ اور فکسڈ ٹیکس نافذ کیا جائے تاکہ مارکیٹوں میں کاروباری سرگرمیاں دوبارہ شروع ہوسکیں۔

Shares: