کراچی :کراچی: ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے دوران گولی چلنے سے 17 سالہ لڑکا ہلاک،اطلاعات کے مطابق کراچی کے سچل پولیس اسٹیشن کی حدود میں ٹک ٹاک کے لیے ویڈیو بنانے کے دوران پستول کی گولی چلنے سے 17 سالہ لڑکا ہلاک ہوگیا۔
سپرہائی وے کے قریب تنویر مرتضیٰ ٹک ٹاک پر ویڈیو بنا رہا تھا کہ اس دوران اس کے ہاتھ میں موجود پستول کی گولی چلنے سے زخمی ہوگیا۔پولیس نے بتایا کہ مذکورہ حادثہ سکندر گوٹھ میں پیش آیا۔انہوں نے بتایا کہ تنویر مرتضیٰ کو زخمی حالات میں گلشن اقبال کے پٹیل ہسپتال پہنچایا گیا لیکن وہ جاںبر نہ ہوسکا۔
واضح رہے کہ تین ماہ قبل گجرات میں پولیس کانسٹیبل مبینہ طور پر ایک خاتون کی جانب سے ٹک ٹاک ویڈیو کی ریکارڈنگ کے دوران اپنی ہی پستول سے چلنے والی گولی سے جاں بحق ہوگیا تھا۔پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ واقعے میں ملوث یونیورسـٹی آف گجرات کے 2 طالبات سمیت 3 مشتبہ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
خیال ہے کہ نوعمر لڑکے لڑکیوں میں مقبول ہونے والی ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ‘ٹک ٹاک’ کے لیے ریکارڈنگ کے دوران کچھ انوکھا کرنے کی کوشش میں کئی لڑکے اور لڑکیاں ہلاک ہوچکے ہیں۔
چند ماہ قبل بھارت کے شہر نئی دہلی کے معروف انڈیا گیٹ کے قریب ٹک ٹاک پر ویڈیو بنانے کے دوران دوست کی جانب سے چلائی گئی گولی سے 19 سالہ لڑکا سلمان ہلاک ہوگیا تھا۔
علاوہ ازیں بھارت میں ہی’ٹک ٹاک‘ پر ویڈیوز بنانے کی وجہ سے معطل ہونے والی بھارتی خاتون پولیس کانسٹیبل ارپیتا چوہدری نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں فلموں میں کام کرنے کی پیش کش ہوئی ہے۔
بھارتی ریاست گجرات کے ضلع مہاسانا کے پولیس اسٹیشن میں ڈیوٹی کے دوران ویڈیوز بناکر ’ٹک ٹاک‘ پر اپ لوڈ کرنے والی خاتون کانسٹیبل ارپیتا چوہدری کو گزشتہ برس جولائی میں اس وقت معطل کردیا گیا تھا جب ان کی کچھ ویڈیوز کافی وائرل ہوئی تھیں۔