ملک میں پرتشدد احتجاج،توڑپھوڑکرنے پرسعد رضوی کے خلاف دہشت گردی اور قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج

لاہور:ملک میں پرتشدد احتجاج،توڑپھوڑکرنے پرسعد رضوی کے خلاف لاہور میں دہشت گردی اور قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج،اطلاعات کے مطابق شاہدرہ ٹاؤن میں سعد رضوی اور جماعت کے رہنماؤں کے خلاف دہشت گردی اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمہ قتل اور اقدام قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا۔

مقدمے میں سعد رضوی،اعجاز رسول اور محمد قاسم سمیت دیگر نامزد کیئے گئے ہیں۔ مقدمہ پولیس کے سب انسپکٹر محمد تنویر کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ سعد رضوی کے خلاف مقدمہ میں دہشت گردی کی دفعہ 7ATA بھی شامل ہیں۔

 

یاد رہے کہ تحریک لبیک کے امیر سعد رضوی کی گرفتاری کے بعد سے تحریک لبیک کا ملک بھر میں احتجاج جاری ہے۔ لاہور کراچی اسلام آباد سمیت بڑے اور چھوٹے شہر اس وقت شدت پسند جتھوں کے نرغے میں ہیں۔ بڑی شاہرات بند ہیں سینکڑوں گاڑیاں پھنس چکی ہیں جبکہ پولیس اور ٹی ایل پی کے متشدد کارکنان کے درمیان خونی جھڑپیں جاری ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل وزیرداخلہ شیخ رشید تحریک لبیک سے کئی باردرخواست کرچکے ہیں کہ وہ احتجاج ختم کریں اورعوام کے لیے تکلیف کا باعث نہ بنیں مگرتحریک لبیک کی طرف سے مثبت ردعمل نہیں آیا ، جس پرشیخ رشید نے خبردارکرتے ہوئے کہا کہ کسی مذہبی جماعت کوپورے ملک کویرغمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی

دوسری طرف ابھی تھوڑی دیر پہلے وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بتایا کہ حکومت تحریک لبیک کے ساتھ مسلسل مذاکرات کررہی تھی، لیکن یہ ایک طرف مذاکرات تو دوسری طرف مارچ کی تیاری کر رہے تھے۔

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اجلاس سے گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک کے متوقع مارچ میں شرپسند عناصر کے فائدہ اٹھانے کی اطلاعات تھیں، لیکن احتجاج کی آڑ میں شرپسند عناصر کوامن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آئندہ 24 گھنٹے اہم ہیں، امید ہے حالات بہتر ہو جائیں گے، اور ہم معاہدے کے مطابق تحریک لبیک کے مطالبات پارلیمنٹ میں پیش کریں گے۔

Comments are closed.